سان فرانسسکو(شِنہوا)ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپیک) کے رہنماﺅں کا 30 واں اجلاس گزشتہ روز سان فرانسسکو میں رکن ممالک کے لیے ایک لچکداراورپائیدار مستقبل کی تشکیل کے عزم کے ساتھ گولڈن گیٹ اعلامیہ کی منظوری کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ رکن ممالک کو اپنے پورے خطے میں بے پناہ صلاحیت اور زبردست حرکیات کو جاری رکھنے، اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تبدیلیوں سمیت تمام ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تکنیکی اور اقتصادی پیش رفت کو بروئے کار لانا چاہیے۔ یہ اعلامیہ دو روزہ اجلاس کے بعد منظور کیا گیا، جس کے دوران رہنماں نے پائیداری، آب و ہوا، توانائی کی منتقلی، باہمی ربط اور جامع اور لچکدار معیشتوں کی تعمیر کے موضوعات پرغور کیا۔ اعلامیہ میں، رہنماوں نے ایک آزاد، کھلے، منصفانہ، غیر امتیازی، شفاف، جامع اور قابل پیش گوئی تجارت اور سرمایہ کاری ماحول کے قیام کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ۔رہنماوں نے ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کی بنیاد پر قواعد پر مبنی کثیرالطرفہ تجارتی نظام کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا، جو ایپیک خطے کی غیر معمولی ترقی کو متحرک کرتا ہو۔