گوجرانوالہ راولپنڈی، فیصل آباد‘ سرگودھا (نمائندہ خصوصی+ جنرل رپورٹر + نمائندگان خصوصی) پنجاب کے تعلیمی بورڈز نے میٹرک ضمنی امتحانات 2023ءکے نتائج کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق تعلیمی بورڈ راولپنڈی کے چیئرمین محمدعدنان خان اور کنٹرولر امتحانا ت پر وفیسرساجد محمود فاروقی نے کانفرنس روم میں نتائج کا اعلان کیا۔ امتحان میٹرک (سیکنڈاینول) 2023ءمیں 13275امیدواروں نے داخلہ بھجوایا جبکہ13180 امیدوارشامل امتحان ہوئے جن میں 8654طلبہ جبکہ4526طالبات شامل امتحان ہوئیں۔4884 امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ8223فیل ہوئے جبکہ 90 امیدار غیر حاضر رہے۔ کامیابی کا تناسب37.1فیصد رہا، طالبات کی شرح کامیابی45.65 فیصد جبکہ طلبہ کی شرح کامیابی 32.62فیصد رہی۔ ذرائع کے مطابق شیڈول کے تحت اگلے سال میٹرک کا امتحان دینے کے خواہشمند طلبہ و طالبات سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم 12 دسمبر 2023ءتک جمع کروا سکیں گے جس کے بعد ڈبل فیس کے ساتھ 13 دسمبر سے 25 دسمبر 2023ءتک اور تین گنا فیس کے ساتھ داخلہ فارم 26 دسمبر 2023ء سے 3 جنوری 2024ءتک جمع کروائے جا سکتے ہیں تاہم 3 جنوری 2024ءکے بعد کوئی داخلہ فارم وصول نہیں کیا جائے گا۔ گوجرانوالہ ایجوکیشن بورڈ نے میٹرک (سیکنڈ اینول) 2023ءکے نتائج کا اعلان کر دیا۔ بورڈ چیئرمین نوید حیدر شیرازی، پروفیسر محمد نعیم بٹ کنٹرولر امتحانات اور چوہدری شہزاد احمد سیکرٹری بورڈ نے نتائج کا اعلان پریس کانفرنس میں کیا۔ مجموعی طور پر 18925اُمیدواران شامل ہوئے۔ 9695کامیاب قرار پائے کامیابی شرح تناسب 51.23فیصد رہی۔ سائنس گروپ (بوائز) میں 7140اُمیدوار شامل امتحان ہوئے جن میں سے3255اُمیدوار کامیاب قرار پائے اور اُن کی کامیابی کی شرح45.59فیصد رہی۔ سائنس گروپ (گرلز) میں 4438اُمیدوار شامل امتحان ہوئیں جن میں 2822 اُمیدوار کامیاب قرار پائیں اور اُن کی کامیابی کی شرح63.59فیصد رہی۔ اسی طرح ہیومینٹیز گروپ (بوائز) میں 2996اُمیدوار شامل امتحان ہوئے جن میں سے1266اُمیدوار کامیاب قرار پائے اور اُن کی کامیابی کی شرح42.26 فیصد رہی۔ ہیومینٹیز گروپ (گرلز) میں 4351اُمیدوار شامل امتحان ہوئیں جن میں 2352 اُمیدوار کامیاب قرار پائیں اور اُن کی کامیابی کی شرح54.06فیصد رہی۔ چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ امتحان کے انعقاد سے لے کر نتائج کی تیاری تک متعلقہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا ہے۔
میٹرک ضمنی انتخابات نتائج: گوجرانوالہ 51.23، پنڈی بورڈ میں کامیابی کا تناسب 37.1 فیصد
Nov 19, 2023