معاشرتی بھلائی اور فلاح و بہبود کےلئے ہمہ وقت کوشاں، درد دل رکھنے والی، اپنے عوام کی پریشانیوں کو اپنے دل سے محسوس کرنے والی پنجاب کی دھی رانی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہمیشہ عوام کی بہبود کےلئے ایک سے بڑھ کر ایک منصوبے متعارف کرائے ہیں۔ انہی میں سے ایک بہترین منصوبہ دھی رانی پروگرام ہے، جس کا مقصد غریب اور مستحق لڑکیوں کی شادی کو آسان بنانا ہے۔ یہ پروگرام نہ صرف ایک اہم سماجی مسئلے کا حل پیش کرتا ہے بلکہ معاشرتی انصاف اور برابری کی بھی ایک شاندار مثال ہے۔
غربت کے سبب کئی بچیاں شادی کی عمر کو پہنچنے کے باوجود اس مقدس فریضے سے محروم رہتی ہیں۔ ان کی آنکھوں میں خواب سجے ہوتے ہیں، لیکن وسائل کی کمی ان خوابوں کو حقیقت کا روپ نہیں دینے دیتی۔ کئی غریب والدین اپنی بیٹیوں کی شادی کےلئے پریشان رہتے ہیں۔ وہ اپنے گھر کے کونے میں بیٹھ کر سوچتے ہیں کہ کب ان کی بیٹی کی رخصتی کا دن آئے گا، کب وہ دلہن بنے گی، کب اس کے ہاتھوں میں مہندی رچے گی۔پنجاب میں ایسی ہی نادار اور بے وسیلہ غریب اور پسماندہ طبقے کے والدین کی بچیوں کی شادی کے مسائل کا حل نکالنے کےلئے مریم نواز شریف نے دھی رانی پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت تقریباً پانچ ہزار مستحق لڑکیوں کے والدین نے اپنی بیٹیوں کی شادی کےلئے رجسٹریشن کروائی ہے۔ رجسٹریشن کا عمل اب مکمل ہو چکا ہے۔ پروگرام کے پہلے مرحلے میں 1500 جوڑوں کی اجتماعی شادیاں کی جائیں گی۔ حکومت پنجاب نے پہلے مرحلے کےلئے 50 کروڑ روپے جاری کر دئیے ہیں۔
محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب کے جاری کردہ اعداد و شمار کیمطابق رجسٹریشن کی آخری تاریخ 15 نومبر تک 4957 درخواستیں وصول ہو چکی ہیں۔ یہ درخواستیں پنجاب انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی بورڈ کے تیار کردہ پورٹل کے ذریعے وصول کی گئیں۔ سب سے زیادہ 307 درخواستیں مظفرگڑھ سے موصول ہوئیں، جبکہ لاہور سے 269 اور سب سے کم 15 درخواستیں گجرات سے موصول ہوئیں۔
یہ پروگرام پنجاب کی رہائشی 18 سے 40 سال کی عمر کی کم آمدنی والے خاندانوں کی لڑکیوں کےلئے مخصوص ہے۔ یتیم، بے سہارا لڑکیوں اور معذور افراد کی بیٹیوں کو ترجیح دی جائے گی۔ درخواست دہندہ خواتین میں سے 70 فیصد کی عمر 18 سے 25 سال کے درمیان ہے۔
محکمہ سوشل ویلفیئر پنجاب 1000 ملین روپے کی لاگت سے 3000 اجتماعی شادیوں کا انتظام کرے گا۔ ہر جوڑے کو 164,000 روپے کا پیکج دیا جائے گا جس میں شادی کے اخراجات، تحائف، اور ایک لاکھ روپیہ سلامی شامل ہے۔ اس کے علاوہ، تقریب میں شامل ہونے والے 20 مہمانوں کےلئے دوپہر کے کھانے کا انتظام بھی فراہم کیا جائے گا۔پروگرام کےلئے تحائف کی خریداری اور سلامی کی ادائیگی کےلئے بینک آف پنجاب کے ساتھ معاہدہ حتمی مراحل میں ہے۔ یہ معاہدہ اس بات کی یقین دہانی کراتا ہے کہ مالی امداد مستحقین تک بروقت پہنچے اور ان کی شادی کے اخراجات میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔متعلقہ تحصیل کا اسسٹنٹ کمشنر حتمی سفارش کرے گا جو صوبائی اسٹیئرنگ کمیٹی (PSC) اور صوبائی پورٹل کو بھیجے گا۔ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز مقام اور متعلقہ امور کا انتظام کریں گے جن میں جوڑوں کی نقل و حمل وغیرہ شامل ہیں۔ اس طرح، پورے پروگرام کی نگرانی اور عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ کوئی بھی مستحق جوڑا اس سے محروم نہ رہے۔
شادی ایک ایسا بندھن ہے جو دو لوگوں کو محبت اور اعتماد کے ساتھ جوڑتا ہے۔ یہ ایک مقدس فریضہ ہے جو معاشرتی اور مذہبی اہمیت کا حامل ہے۔ اسلام میں اس فریضے کی بڑی فضیلت بیان کی گئی ہے۔ شادی کے ذریعے نہ صرف دو افراد بلکہ دو خاندان بھی ایک دوسرے کے ساتھ جڑتے ہیں۔ یہ تعلق معاشرتی استحکام کا باعث بنتا ہے اور محبت و اخوت کی فضا کو فروغ دیتا ہے۔
مریم نواز شریف کی قیادت میں اس پروگرام کی شروعات نہایت قابل تحسین ہے۔ ان کی بصیرت اور قائدانہ صلاحیتوں نے ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کےلئے راہیں ہموار کی ہیں۔ دھی رانی پروگرام اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ اگر لیڈرشپ میں اخلاص ہو تو بڑے سے بڑے سماجی مسائل بھی حل ہو سکتے ہیں۔
مریم نواز شریف کی قیادت میں دھی رانی پروگرام ان والدین کےلئے ایک امید کی کرن بن کر آیا ہے۔ یہ پروگرام نہ صرف غریب اور مستحق لڑکیوں کی شادی کے مسائل کو حل کرتا ہے بلکہ انکے والدین کی دعائیں بھی لیتا ہے۔ ایک لڑکی کی شادی نہ صرف اس کی زندگی کا اہم موڑ ہوتا ہے بلکہ اسکے خاندان کےلئے بھی ایک بڑی خوشی کا باعث بنتا ہے۔اجتماعی شادیوں کا یہ پروگرام نہ صرف پسماندہ کمیونٹیز کی مجموعی فلاح و بہبود کو بہتر بنائے گا بلکہ معاشرتی تبدیلی کا باعث بھی بنے گا۔ شادی جیسا اہم اور مقدس فریضہ اب غریب خاندانوں کےلئے آسان ہو گیا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلیاں آئیں گی اور لڑکیوں کو تعلیم اور خود مختاری کی راہ پر گامزن ہونے کے مواقع ملیں گے۔دھی رانی پروگرام ایک نیک اور مثالی قدم ہے جو مریم نواز شریف کی عوام دوست پالیسیوں کا عکاس ہے۔ اس پروگرام نے نہ صرف غریب اور مستحق لڑکیوں کی شادی کے مسائل کو حل کیا ہے بلکہ معاشرتی انصاف اور برابری کی بھی ایک مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کی یہ کاوشیں عوام کی خوشحالی اور ترقی کےلئے ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔