سعودی عرب حرمین شریفین میں زائرین کے بچے اکثر اپنے والدین سے بچھڑ جاتے ہیں، عام طور سے والدین حرمین ذمہ داران سے رابطہ کرکے اپنے بچوں کو حاصل کرلیتے ہیں۔ انتظامیہ نے اس مرحلے کو مزید آسان بنانے کے لئے ایک نئی سروس کا آغاز کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مسجد الحرام کے گیٹ نمبر 3 اور گیٹ نمبر79 پر انتظامیہ کی جانب سے بچوں کے لیے مخصوص کڑے فراہم کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
بچوں کو فراہم کئے جانے والے ان مخصوص کڑوں پر والدین کا رابطہ نمبر اور اہم معلومات فیڈ (درج) کی جاتی ہیں۔اس مہم کو“آپ کا بچہ مسجد الحرام میں محفوظ ہے”کا عنوان دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کی ٹیم بچے کے گم ہونے کی صورت میں کڑے پر درج والدین کے نمبر پر فون کرکے ان سے فوری رابطہ قائم کرلیتی ہے۔
انتظامیہ نے حرمین شریفین آنے والے زائرین سے کہا ہے کہ مسجد الحرام آتے وقت بچوں کے لیے حفاظتی کڑے حاصل کرنا نہ بھولیں۔ کیونکہ اس سے آپ کا بچہ محفوظ ہوجائے گا۔
ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب حرمین شریفین میں انتظامیہ کی جانب سے مسجد الحرام میں زائرین کے لیے خدمات کی مسلسل فراہمی کا سلسلہ نہ صرف جاری ہے بلکہ انہیں عصری تقاضوں سے ہم آہنگ بھی کیا جارہا ہے