اداکار فہد مصطفی کے والد ’’صلاح الدین تنیو‘‘ نے پی ٹی وی سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا ، انہوں نے اپنا الگ نام اور مقام بنایا۔ان کے بیٹے فہد مصطفی انہی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے شوبز انڈسٹر ی کا حصہ بنے، انہوں نے ٹی وی کے ساتھ ساتھ فلموں میں بھی کام کیا ، شائقین نے انہیں ہر میڈیم پر سراہا۔ ان کی فلم ایکٹر اِن لاء کو کون بھول سکتا ہے۔ صلاح الدین اپنے بیٹے پر بہت فخر کرتے ہیں ،وہ ان کو خود سے بڑا فنکار مانتے ہیں ، حال ہی میں وہ اپنے بیٹے فہد مصطفی کے ڈرامہ ’’ کبھی میں کبھی تم ‘‘ کی آخری قسط کے پریمئیر پر سینما میں موجود تھے ، نوائے وقت نے اس موقع پر ان سے خصوصی گفتگو کی۔
نوائے وقت : آپ کے بیٹے کو بہت پسند کیا جاتا ہے بطور والد کیسا محسوس کرتے ہیں؟
صلاح الدین تنیو: ہر والدین کا یہی خواب ہوتا ہے کہ ان کی اولاد کامیابی حاصل کرے میری بھی خواہش تھی کہ میرا بیٹا اس لائن میں آیا ہے تو کامیابی حاصل کرے ، آج اسکو اس قدر کامیاب دیکھ کر دل خوشی سے باغ باغ ہوتا ہے۔ آرٹسٹ تو میں بھی تھا لیکن میرا بیٹا تو مجھ سے بھی آگے نکل گیا ہے، اور میرے لئے آج خوشی کا دن ہے کہ میں جہاں کھڑا ہوں یہاں میرے بیٹے کے چاہنے والے موجود ہیں اور اس پر پوری قوم اپنی محبتیں لْٹا رہی ہے۔ عوام کی ایک بڑی تعداد کی طرف سے اتنی پذیرائی دیکھ کر میں اپنی خوشی کو لفظوں میں بیان نہیں کر سکتا۔
نوائے وقت :آ پ تو اپنے بیٹے فہد کو بریانی کی دکان کھول کر دینے والے تھے نا ؟
صلاح الدین تنیو : وہ دیگ والی بریانی نہیں تھی ، وہ پریمئیر بریانی تھی جس کی میں فہد کو فرنچائز لیکر دینا چاہ رہا تھا ، میں چاہتا تھا یہ بزنس کر لے ، لیکن اس وقت مجھے یہ تو معلوم نہ تھا کہ فہد مصطفی کل کو اتنا بڑا سٹار بننے والا ہے۔بس بریانی کا بزنس تھا دوکان والی کوئی بات نہیں تھی۔
نوائے وقت : پہلی بار اپنے بیٹے کے ٹیلنٹ کو کب پہچانا ،یا کب اس نے اداکار بننے کی خواہش کا اظہار کیا ؟
صلاح الدین تنیو :میرے بیٹے نے کبھی بھی میرے سامنے اداکار بننے کی خواہش کا اظہار نہیں کیا تھا۔ اس نے جو کیا اپنی محنت کے ساتھ کیا،وہ اداکاری کی طرف گیا خود کام حاصل کیا ، ہمیں تو اس وقت پتہ چلا جب یہ کافی ڈرامے کر چکا تھا ، اور ہم بہت خوش نہیں تھے کہ یہ اداکار بن گیا ہے ،خوش نہ ہونے کی وجہ یہ تھی کہ اس وقت ایک ہی چینل تھا اور اس سے پیٹ نہیں پلتا تھا۔لیکن اس کی قسمت کہ بعد میں بہت سارے چینلز آگئے اور یہ آگے سے آگے بڑھتا گیا، جس کی ہمیں خوشی ہے۔
نوائے وقت: آپ کا بیٹا آپ کو کن کرداروں میں پسند ہے؟
صلاح الدین تنیو: میرا بیٹا ہر طرح کے کرداروں میں مجھے اچھا لگتا ہے، وہ اپنے ہر کردار کے ساتھ بہت انصاف کرتا ہے لیکن مجھے اینٹرٹیننگ کرداروںمیں زیادہ اچھا لگتا ہے۔ آپ اس کا حالیہ ڈرامہ ’’کبھی میں کبھی تم‘‘ ہی دیکھ لیں ، کیا کردار نبھایا ہے اس نے ، اور میں مزید کیا بولوں اس کے بارے میں ، پوری قوم بول رہی ہے۔
نوائے وقت : آپ کو فہد کن ہیروئنز کے ساتھ اچھا لگتا ہے؟
صلاح الدین تنیو: مجھے میرا بیٹا ہر ہیروئین کے ساتھ اچھا لگتا ہے، لیکن ہانیہ عامر کے ساتھ مجھے اس کی جوڑی اچھی لگنے لگی ہے، میری دعا ہے کہ آن سکرین بنی یہ جوڑی سلامت رہے اور لوگ ان کو آگے بھی ایک ساتھ پسند کرتے رہیں۔
نوائے وقت : جب لوگ فہد مصطفی کا والد کہتے ہیں تو کیسا لگتا ہے؟
صلاح الدین تنیو: مجھے ڈبل خوشی ہوتی ہے، میری اپنی تو پہچان تھی ہی ،لیکن اس کی پہچان نے مجھے آسمان پر بٹھا دیا ہے۔مجھے بہت خوشی ہے کہ آج نوجوان نسل مجھے فہد مصطفی کا باپ کہہ کر بلاتی ہے کوئی بھی مجھے میری پہچان سے نہیں بلاتا، مجھے بہت خوشی ہوتی ہے کہ میرے بیٹے کی پہچان سے مجھے جوڑا جاتا ہے۔
نوائے وقت : فہد مصطفی کی ایسی تین باتیں بتائیں جو دنیا نہیں جانتی؟
صلاح الدین تنیو: اس کی جو بھی ایسی عادات ہیں جن کو دنیا نہیں جانتی وہ تو اسکا سیکرٹ ہیں میں ان کو باہر نہیں لا سکتا ،لیکن اتنا بتا سکتا ہوں کہ فہد بہت اچھا بیٹا اور بااخلاق ہے ، ہر کسی کا خیال رکھتا ہے ،خصوصی طور پر اپنے والدین کی بہت خدمت کرتا ہے،ہر کسی کی بھلائی چاہتا ہے۔
نوائے وقت : بطور ایکٹر تو سب جانتے ہیں کہ فہد کیسا ہے بطور بیٹا کیسا ہے؟
صلاح الدین تنیو: بطور بیٹا فہد بہت اچھا ہے ، میرے سارے بیٹے بہت اچھے ہیں چونکہ فہد زیادہ مشہور ہے، جگ میں اس کی وجہ سے ہمیں مشہوری ملی ہے اس لئے اس کی اچھائی زیادہ کاؤنٹ ہوتی ہے۔
نوائے وقت :آج جو ڈرامے بن رہے ہیں ان پر بطور آڈینز کیا تبصرہ کر یں گے؟
صلاح الدین تنیو: آج اور پی ٹی وی کے ڈراموں میں زمین آسمان کا فرق ہے۔کبھی میں کبھی تم ایک ایسا ڈرامہ ہے جو پی ٹی وی کے دور میں بننے والے ڈراموں کے قریب ہے۔ لیکن مجموعی طور پر دیکھیں تو آج کل کے ڈرامے حقیقت کے قریب نہیں ہیں، عام آدمی ان کو خود سے نہیں جوڑ پاتا۔ آج کل کے ڈراموں میں گلیمر بہت زیادہ ہے ، اگر لڑکی غریب ہے تو اس کے بال بنے ہوتے ہیں اس کا میک ہوا ہوتا ہے۔ ویسے بھی خواتین اورینٹڈ ڈرامے بن رہے ہیں، وہی ساس بہو والا فارمولا۔ تو میں آج بننے والے ڈراموں سے بہت زیادہ خوش نہیں ہوں۔
نوائے وقت: کہیں اس وجہ سے تو آپ ڈراموں سے دورتو نہیں ؟
صلاح الدین تنیو: میں نے ساری زندگی بہت کام کیا ، اور اتنا کام کر چکا ہوں اب لگتا ہے سکون کرنا چاہیے۔ویسے بھی شوبز نس نوجوانوں کا شعبہ ہے۔پی ٹی وی ہوتا تو ہم لیڈ کردار کر بھی لیتے اب ہمیں کیا کردار ملیں گے وہی باپ ،داداکے۔
نوائے وقت : باپ بیٹا ایک ساتھ کب دکھائی دیں گے ؟
صلاح الدین تنیو:ہم نے ایک ساتھ پہلے بھی کام کیا ہے لیکن مزید میری خواہش ہے کہ ہم کسی ڈرامے یا فلم میں ایک ساتھ کام کریں اور امید ہے کہ ہمیں لوگ ایک ساتھ دیکھ کر خوش ہوں گے۔
فہد نےمجھ سے کبھی اداکار بننے کی خواہش کا اظہار نہیں کیا تھا
Nov 19, 2024