لاہور +گوجرانوالہ(لیڈی رپورٹر +نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) پنجاب حکومت نے لاہور اور ملتان ڈویژن کے سوا تمام اضلاع میں تعلیمی ادارے آج سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مشرقی ہواؤں کے رخ اور رفتار میں تبدیلی سے پنجاب میں سموگ کی صورت حال بہتر ہو گئی، وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور اور ملتان ڈویژن کے سوا تمام اضلاع میں تعلیمی ادارے آج سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔لاہور سمیت پنجاب بھر میں سموگ کی شدت میں کمی ہوئی ہے۔ ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے اوقات کار میں نرمی کر دی گئی۔ محکمہ ماحولیات کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ہوٹلز‘ ریسٹورنٹس اور فوڈ آؤٹ لیٹس رات 10بجے تک کھلے رکھے جا سکتے ہیں۔ ہوم ڈلیوری خدمات پرکوئی پابندی نہیں ہو گی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ انسانی زندگیوں کو نقصان سے بچانے کیلئے مشکل فیصلے کئے گئے، بچوں کی تعلیم بہت ضروری ہے لیکن ان کی صحت پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے، سکول انتظامیہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائے۔ سینئر صوبائی وزیر نے حکومتی اقدامات میں تعاون پر عوام کا شکریہ ادا کیا اور پنجاب حکومت کے تمام اداروں، ای پی اے، پولیس، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور عملے کو شاباش دی۔ادھر ماحولیاتی تحفظ کے ادارے(ای پی اے) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عمران حامد شیخ کے دستخطوں سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔نوٹی فکیشن کے مطابق سکول پونے 9 بجے سے پہلے نہیں کھلیں گے، تمام طالب علم، اساتذہ اور عملہ لازمی ماسکپہنے گا، آؤٹ ڈور سپورٹس اور دیگر غیر نصابی سرگرمیوں پر پابندی رہے گی۔نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ جماعتوں کے لحاظ سے الگ الگ چھٹی کے اوقات مقرر ہوں گے تاکہ ٹریفک کا اڑدہام نہ ہو، بالائی علاقوں میں بارش برسنے سے پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں فضا کا معیار بہتر ہوا ہے، سکول انتظامیہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کی ذمہ دار ہو گی۔واضح رہے کہ صوبائی حکومت نے 6 نومبر کو بڑے شہروں میں سکول بند کر دیئے تھے، بعدازاں تعلیمی اداروں کو 24 نومبر تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی گوجرانولہ میں سموگ کی شدت میں کمی آنے کے بعد سکول آج کھل رہے ہیں، طلبہ اور اساتذہ ماسک پہن کر سکول آئیں گے۔ سی ای او سلطان احمد نے سکول سربراہان کو تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کر دیں۔ سکولوں میں آٹ ڈور سپورٹس اور ہم نصابی سرگرمیوں پر تا حکم ثانی پابندی رہے گی۔ ٹریفک کی بھیڑ سے بچنے کیلئے چھٹی کے وقت تمام طلبہ کو اکٹھی چھٹی نہیں دی جائے گی اور کلاس وائز طلبہ کو باہر نکالا جائے گا۔
سموگ میں کمی پر لاہور اور ملتان کت سواتمام اضلاع میں تعلیمی ادارے کھل گئے
Nov 19, 2024