کراچی (این این آئی) کراچی کے ایکسپو سنٹر میں آج منگل سے چار روزہ آئیڈیاز 2024 دفاعی نمائش اور کانفرنس کا آغاز ہوگا، جس کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ نمائش اور کانفرنس کا انتظام وزارت دفاع اور دفاعی پیداوار نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔ آئیڈیاز 2024 میں پاکستان میں تیار ہونے والے جدید ترین اور روایتی دفاعی ہتھیاروں کی نمائش کی جائے گی۔ آئیڈیاز 2024 میں اسلحہ، ٹینک، جنگی طیاروں، ہیلی کاپٹرز اور بحری جہازوں کی نمائش کی جائے گی۔ آبدوزیں، ڈرونز، میزائل، سائبر ڈیفنس، سیٹلائٹ اور الیکٹرانک وارفیئر سسٹمز بھی نمائش کا حصہ ہوں گے۔ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) دفاعی صنعت کو عالمی سطح پر مستحکم اور قومی سلامتی یقینی بنانے میں پیش پیش ہے۔ آئیڈیاز 2024 میں ایشیا، مشرق وسطی اور جنوب مغربی ایشیا کے اہم ممالک شریک ہوں گے۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، ترکیہ، ایران، یمن، چین، بھارت، جاپان، ملائیشیا، سنگاپور اور دیگر ممالک شریک ہوں گے۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایئرپورٹ اور اس کے ملحقہ علاقوں کو ریڈ زون قرار دے دیا گیا۔ ایئرپورٹ کے اطراف میں آنے والے راستے محدود کر دئیے گئے ہیں اور ریڈ زون میں صرف ان افراد کو داخلے کی اجازت ہوگی جو ایئرپورٹ آنے، جانے یا وہاں اپنے فرائض سر انجام دینے کے مقصد سے موجود ہوں گے۔ بعد شہر قائد میں سکیورٹی کے انتظات مزید سخت کر دیے گئے۔ ایس ایس پی ملیر کاشف آفتاب عباسی کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ کے قریب پانچ اہم مقامات پر سٹار گیٹ، سی اے اے کلب، مدام بریج، ماڈل کالونی موڑ اور رینجرز چوکی فیونرل ایریا میں پولیس چیک پوائنٹس قائم کر دیے ہیں جہاں 24 گھنٹے پولیس کی نفری تعینات ہوگی۔
آئیڈیاز 2024ء دفاعی نمائش کا آج سے آغاز، جنگی ہتھیاروں کی نمائش کی جائے گی
Nov 19, 2024