لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیش میں بانی پی ٹی آئی ، شیخ رشید سمیت تمام ملزم بری 

Nov 19, 2024

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس میں بانی   پی ٹی آئی عمران خان، شیخ رشید اور صداقت عباسی سمیت دیگر کی بریت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود کی جانب سے عمران خان، شیخ رشید، فیصل واوڈا اور صداقت عباسی کی بریت کا تحریری حکمنامہ جاری کیا گیا۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کیس کا ٹرائل چلایا جاتا تب بھی سزا ہونے کے امکانات نہیں تھے، پراسیکیوشن نے موقف اپنایا ہزار سے 1200 کارکنان نے پولیس پر حملہ کیا، دلچسپ بات نوٹ کی گئی کہ 1200 افراد کے حملے میں ایک بھی پولیس اہلکار زخمی نہیں ہوا، پراسیکیوشن کی جانب سے پیش کی گئی کہانی میں شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں۔ عدالتی فیصلے میں لکھا ہے کہ مدعی مقدمے کے الزامات کو سچ ثابت نہیں کیا جا سکا، بانی پی ٹی آئی، فیصل واوڈا اور شیخ رشید سمیت تمام ملزموں کو بری کیا جاتا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کسی اور کیس میں گرفتار نہیں تو جیل سے رہا کر دیا جائے۔ شہزاد وسیم اور اسد قیصر کو 24 فروری 2024 ء کو کیس سے بری کر دیا گیا تھا۔ تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ فیاض الحسن چوہان، فردوس شمیم نقوی، اسد قیصر، فواد چوہدری اور شبلی فراز کو بھی مقدمے سے بری کیا جاتا ہے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے ملزمان کے ضمانتی مچلکے واپس کرنے کا حکم بھی دے دیا۔ یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی و دیگرکے خلاف اسلام آباد کے تھانہ آب پارہ میں اگست 2022 ء میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں