لاہور (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو اپنی ساکھ کے بارے میں سوچنا ہو گا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں تمام ٹیمیں پاکستان آنے کو تیار ہیں، اگر بھارت کو کوئی خدشات ہیں تو ہم سے بات کرے ہم ان خدشات کو دور کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی نے ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کرنا ہے جس کا ہم بھی انتظار کر رہے ہیں۔ امید ہے آئی سی سی جلد شیڈول کا اعلان کر دے گا۔ محسن نقوی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں کرائیں گے، کھیل اور سیاست دونوں کو الگ رکھنا چاہیے، آئی سی سی کو خط لکھا تھا جس کے جواب کا انتظار ہے۔ لاہور میں قذافی اسٹڈیم کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم میں تعمیراتی کام کی نگرانی کی جارہی ہے، اپنا ہدف حاصل کریں گے اور چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں خیریت سے کرائیں گے۔
بھارت کو خدشات ہیں تو بات کرے ، چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی : محسن نقوی
Nov 19, 2024