جیایچ کیو حملہ کیس : 23ملزم اشتہاری ، جائیداد دیں ضبط ، بیرون ملک سفر پر پابندی 

Nov 19, 2024

 راولپنڈی + اسلام آباد  (جنرل رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ )  راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی 2023 کو جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) پر حملہ کیس میں مقدمے میں نامزد ملزمان بشمول بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان، عمر ایوب، شبلی فراز، شہباز گل، مراد سعید، حماد اظہر، زلفی بخاری اور صداقت عباسی کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کر دی۔ملزمان کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے  ڈی جی امیگریشن کو خط بھجوا دیا، جی ایچ کیو حملہ کیس میں نامزد ملزمان کی بیرون ملک روانگی عدالت سے مشروط ہے۔ملزمان کے بیرون ملک سفر پر پابندی انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 28 اے کے تحت عائد کی گئی ہے۔ْعلاوہ ازیں ریں اثنا بانی پی ٹی آئی نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں نئے انسپکشن نوٹ کو دستخط کرکے وصول کرلیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ اڈیالہ جیل پہنچے، جہاں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو جی ایچ کیو حملہ کیس کا انسپکشن نوٹ فراہم کر دیا گیا۔بانی پی ٹی آئی کو انسپکشن نوٹ کی فراہمی کے دوران وکلائے صفائی کی جانب سے اعتراض کیا گیا۔ موقف اختیار کیا کہ یہ دستاویز پہلے سے داخل کرائی گئی دستاویز میں شامل نہیں تھی۔ یہ ٹمپرڈ دستاویز ہے۔ ملزمان کی فہرست میں عمران خان کا نام شامل نہیں تھا۔ دوسری طرف  انسداد دہشتگردی عدالت لاہور نے سانحہ 9 مئی کی منصوبہ بندی کے مقدمہ میں شاہ محمود قریشی سمیت 21 ملزموں پر فرد جرم عائد کردی۔لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے کوٹ لکھپت جیل میں پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف 9 مئی مقدمات کی سماعت کی۔ عدالت نے سانحہ 9 مئی سے متعلق منصوبہ بندی کے الزام میں شاہ محمود قریشی ،اعجاز چودھری اور عمر سرفراز چیمہ سمیت 21 ملزموں پر فرد جرم عائد کردی۔ جبکہ  توشہ خانہ2 کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور انکی اہلیہ بشری بی بی پر فرد جرم آج بھی عائد نہ ہوسکی۔اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ2 کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے ملزمہ بشری بی بی کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر عدم حاضری پر ملزمہ کی ضمانت خارج ہونے کا نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملزمہ کی عدم حاضری کی بنا پر اس کے ضمانتی مچلکے ضبط کر لیے جائیں گے۔بشریی بی بی کی ایک روزہ حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کر لی گئی۔سماعت21 نومبر تک ملتوی کر دی۔ جبکہ  توشہ خانہ جعلی رسیدوں کے کیس میںایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے عمران خان کی چھ اور بشریٰ بی بی کی ایک درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت کی۔ عدالت نے 7 دسمبر تک عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔بشریٰ بی بی کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی گئی جبکہ عمران خان کو عدالتی حکم کے باوجود ویڈیو لنک سے پیش نہیں کیا گیا۔ تفتیشی افسر نے توشہ خانہ رسیدوں کی ویری فکیشن کے لیے وقت مانگ لیا۔ علاوہ ازیں  190  ملین پاؤنڈز ریفرنس کیس میں عدالت نے بشریٰ بی بی کو کل حاضر ہونے کی ہدایت کردی۔ کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا کے روبرو ہوئی، جس میں عدالت نے بشریٰ بی طبی کی عدالت سے ایک روزہ استثنا کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔ تاہم عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 342 کے بیانات داخل کرانے کا حکم دیتے ہوئے وکلا اور بشریٰ بی بی کو کل عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت کی۔

مزیدخبریں