لاہور(کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین اور صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کے مابین پیسک ہاؤس ڈیوس روڈ لاہور میں ملاقات ہوئی جس میں انڈسٹری وٹیکنکل ایجوکیشن کے فروغ اور انڈسٹری کے مسائل کے حل کیلئے مل کر آگے بڑھنے پر اتفاق ہوا ،ملاقات میں ٹیکسلا میں ٹیوٹا کی جانب سے 99سال کی لیز پر لی گئی وفاق کی 96ایکڑ زمین کا معاملہ فوری حل کرنے پر اتفاق بھی ہوا ۔چوہدری شافع نے پنجاب میں انڈسٹری اور ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ رانا تنویر نے کہا وفاقی اور پنجاب حکومتیں ٹیکنیکل ایجوکیشن اور انڈسٹری کے فروغ کیلئے مل کر کام کریں گی۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے سمیڈا کے اجلاس میں کہا امسال ہم مثالی ویمن انٹرپرینیورشپ پالیسی متعارف کروانے والے ہیں جس سے خواتین پر مبنی کاروباروں کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے اس سلسلے میں سمیڈا کے کردار کو سراہا۔