سموگ کی روک تھام : ایکشن،10 لاکھ 16 ہزار روپے سے زائد جرمانے عائد

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس سموگ کی روک تھام اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے ان ایکشن ہے جس کے تسلسل میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں سموگ کریک ڈاؤن کے دوران 108 مقدمات درج کرتے ہوئے 139 افراد کوگرفتار کیا گیا ہے۔ 593 افراد کو تقریباً 10 لاکھ 16 ہزار روپے سے زائد جرمانے عائد کئے گئے اور 141 افراد کو وارننگ جاری کی گئی۔ فصلوں کی باقیات جلانے کی 5، زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی 505، صنعتی سرگرمی کی 01، اینٹوں کے بھٹوں کی 19 اور دیگر مقامات پر 78 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ  مریم نواز کے ڈرگ فری پنجاب ویژن کی تکمیل میں پنجاب پولیس صوبے کے تمام اضلاع میں کریک ڈاؤن جاری رکھے ہوئے ہے۔ آئی جی پنجاب کی زیر نگرانی لاہور سمیت صوبہ بھر میں پولیس کے انسداد منشیات آپریشنز میں تیزی لائی گئی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال کے دوران صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 95463 ریڈز کیے گئے،منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث 53463 ملزمان گرفتار ہوئے اور 52720 مقدمات درج کئے گئے۔



ای پیپر دی نیشن