اقبال کا پیغام ہم آہنگی آفاقی: پنجاب حکومت، کلچرل انسٹیٹیوٹ تہران کے وفد کو عشائیہ 

 لاہور (نوائے وقت رپورٹ)  حکومت پنجاب نے اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن (ECO) کلچرل انسٹیٹیوٹ تہران کے وفد کے اعزاز میں ایک شاندار عشائیے کا اہتمام کیا۔  تقریب علامہ محمد اقبال کے 147 ویں یوم پیدائش کے سلسلے میں  احترام انسانیت، محبت اور دینی و ثقافتی ہم آہنگی کے آفاقی پیغام کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کی گئی تھی۔ صدر کلچرل انسٹیٹیوٹ تہران سعد خان کی سربراہی میں 31 رکنی وفد میں انٹرنیشنل اقبال کانفرنس 2024 میں شرکت کرنے والے ایران، افغانستان، مصر، کویت، سپین، اور یو کے سمیت مختلف ممالک کے مندوبین شامل تھے۔ معزز مہمانوں کا استقبال  وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان، وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری، اور وزیر تعلیم رانا سکندر نے کیا۔ وزیر خزانہ پنجاب نے مختلف ممالک کے مندوبین کی لاہور آمد پر خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے وفد کی میزبانی کو باعث مسرت قرار دیا۔ انہوں نے علامہ محمد اقبال کے وطنیت، آزادی، مساوات اور اخوت کے فلسفے کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال نے نسل پرستی کو بت پرستی سے تعبیر کیا اور مادیت پرستی کے خلاف احترام انسانیت کے آفاقی پیغام کو پیش کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقتصادی لوٹ کھسوٹ نے قوموں سے منزل کا شعور چھین لیا ہے۔ آج کے دور میں اقبال کے پیغام محبت اور ہم آہنگی کی اشد ضرورت ہے۔ صدر کلچرل انسٹیٹیوٹ تہران سعد خان نے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی بدولت پہلی بار دنیا بھر سے اقبال سکالرز کو پنجاب سے متعارف کروانے کا موقع ملا۔

ای پیپر دی نیشن