مقبوضہ کشمیر : تلاشی کارروائیاں ایک اور نواجوان گرفتار ، بھارت سیاسی قیدیوں کو رہا کر ے : حریت کانفرنس 

سری نگر (کے پی آئی) بھارتی فوج نے ضلع بارہمولہ میں ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے۔ شوکت احمد نامی نوجوان کو بھارتی فوج اور پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں نے ضلع کے علاقے جانبازپورہ بنر میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران گرفتارکیا۔بھارتی پولیس حکام نے نوجوان کی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لئے دعوی کیا ہے کہ وہ ایک حریت پسندکارکن ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ کشمیری قیدیوں  کو رہا کرے ، جموں وکشمیر میں نافذ کالے قوانین کو منسوخ کرے اور بامعنی مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرے۔ ترجمان کل جماعتی حریت کانفرنس  نے ایک بیان میں کہاکہ کشمیری تصادم یا جنگ کی حمایت نہیں کرتے بلکہ ہم امن کے خواہشمند ہیں اور اس دیرینہ مسئلے کے پرامن حل کی وکالت کرتے ہیں۔ادھر ریاسی اورادھم پور اضلاع میں پیش آنے والے دو الگ الگ واقعات میں دو افراد کی موت ہوگئی ہے۔ ضلع ریاسی کے علاقے مامن کوٹ شیرگڑی میں عامر لون نامی دکاندارمبینہ طور پر پہاڑ ی سے پھسلنے کے بعد پراسرارحالت میں مردہ پایا گیا۔عامر کے والد شوکت علی نے اپنے بیٹے کی موت کی نوعیت کے بارے میں شکوک و شبہات کا اظہارکرتے ہوئے واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ دریں اثنا ضلع اودھم پور میں ایک راہگیر36سالہ پرشوتم لال دیا باغ دھر روڈ پر ایک نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔دوسری جانب  مقبوضہ جموں وکشمیر میں موسم سرما شروع ہوتے ہی بجلی کا بحران  پھر سنگین ہو گیا ہے ، کشمیری عوام کو 24گھنٹوں میں  صرف 6یا 8گھنٹے بجلی  فراہم کی جاتی ہے ۔ صارفین کو بجلی کی عدم دستیابی  سے مشکلات کا سامنا ہے ۔ موسم سرما شروع ہوتے ہی وادی میں بجلی  کی لوڈ شیڈنک کا سلسلہ شروع کر دیا گیا  ہے مختلف ضلع مقامات ، قصبہ جات اور دور دراز علاقوں میں بجلی کی ابتر صورتحال ہے۔

ای پیپر دی نیشن