محکمہ کسٹمز کے گرین چینل کے پیرا میٹرز میں ردوبدل، ہزاروں درآمدی کنٹینرز پھنس گئے

Nov 19, 2024

کراچی(کامرس رپورٹر) محکمہ کسٹمز کی جانب سے گرین چینل کے پیرا میٹرز میں اچانک ردو بدل کرنے سے ہزاروں درآمدی کنٹینرز پھنس کر رہ گئے ہیں جس کی وجہ سے درآمدکنندگان کو خطیر مالی نقصانات کا سامنا ہے جبکہ شپنگ کمپنیوں اور ٹرمینل آپریٹرز کو کروڑوں کا فائدہ ہو رہا ہے۔ کنسائنمنٹس کی کلیئرنس میں مزید تاخیر کی صورت میں میڈیکل ڈیوائس، سٹیل، دالوں سمیت ادویات کی سپلائی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ اس ضمن میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرزآف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے سابق نائب صدر، ایف پی سی سی آئی کی کسٹمز ایڈوائزری کونسل کے چیئرمین اور کسٹمز امور کے ماہر خرم اعجاز نے گرین چینل میں پیشگی اطلاع کے بغیر ردوبدل پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے کیونکہ ان اقدامات کے نتیجے میں درآمدی کنٹینرز کی کلیئرنس تاخیر کا شکار ہونے سے بندرگاہ پر کنٹینرز کے ڈھیر لگ گئے ہیں، جس کی وجہ سے درآمدکنندگان میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ خرم اعجاز نے چیئرمین ایف بی آر اور چیف کلکٹر کسٹمز سے درخواست کی کہ وہ اقدامات کے نفاذ اور سہولت کے درمیان توازن قائم کریں تاکہ جائز تجارت کی فوری کلیئرنس کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزیدخبریں