اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سینئر سیاستدان اور سابق وزیر سینیٹر فیصلہ واوڈا نے حکومت کا حصہ ہونے سے انکار کر دیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ کوئی کہے کہ میں حکومت کا اتحادی ہوں تو طنز لگتا ہے میں حکومت کا اتحادی نہیں ہوں مجھ پر اتنا برا وقت نہیں آیا۔ نو مئی کے کچھ لوگ مسنگ ہیں ان کو اس دھرنے میں ڈھونڈا جائے گا۔ بانی پی ٹی آئی کے اردگرد لوگ وہی کر رہے ہیں جو میں کہتا ہوں، امریکہ اور برطانیہ سے بھی خطوط آگئے ہوا کچھ نہیں، چوبیس نومبر کا دھرنا بھی لوگوں کو مرورانے کیلئے کیا جا رہا ہے جو پہلے کی طرح فلاپ ہو گا۔ مراد سعید آگئے تو فیض حمید اور بانی پی ٹی آئی کو کوئی بندہ نہیں بچا سکتا۔ اسٹیبلشمنٹ کیلئے یہ لاسٹ یا سیکنڈ لاسٹ کال نہیں شغل میلہ ہے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ چوبیس نومبر کو بانی پی ٹی آئی کی کوئی رہائی نہیں ہو گی۔ ن لیگ کی شیل لائف ختم ہو چکی ہے۔ پنجاب میں بھی حالت ٹھیک نہیں، تحریک انصاف میں اس وقت چھ سے آٹھ دھڑے ہیں، کوئی ایم پی اے پچاس افراد احتجاج کیلئے لے آیا تو میں سلام پیش کروں گا جس کیس میں بانی پی ٹی آئی بری ہوئے وہ بھی میری وجہ سے بری ہوئے ہیں، یہ نالائق اور نکمی حکومت ہی ہو سکتی ہے جو ایسے کیسز بناتی ہے، اپنی بات پر کھڑا رہتا ہوں، وزیروں کی طرح بڑوں کے خلاف بیان ڈیلیٹ نہیں کرتا۔