لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) نے پاکستان سپورٹس بورڈکی جانب سے پی او اے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے اورمن گھڑت الزامات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوے واضح کیا ہے کہ قومی اولمپک کمیٹی سچائی کا پتہ لگانے کیلئے قانونی راستہ اختیار کرنے سمیت کسی بھی حد تک جائے گی۔ پاکستان سپورٹس بورڈ نے الزام عاد کیا تھا کہ پی او اے انتخابی عمل اور قانونی ترامیم سے متعلق بے ضابطگی پر انہیں پی او اے کے سٹیک ہولڈرز کی جانب سے شکایات موصول ہوئی ہیں۔تاہم جب پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے پی ایس بی کے الزامات کی حقیقت جاننے کیلے تمام سٹیک ہولڈرز کو خط لکھا تو الحاق شدہ نیشنل سپورٹس فیڈریشنز، صوبائی اولمپک ایسوسی ایشنز، ڈیپارٹمنٹس، سروسز سپورٹس، ایتھلیٹس کمیشن، پاکستان میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے ممبر سے بھی درخواست کی گئی کہ ہمیں وہ خط یا دستاویز فراہم کریں جس کا حوالہ پاکستان سپورٹس بورڈ نے اپنے خط میں دیا لیکن حیران کن طور پر ان میں سے کسی نے بھی پی ایس بی کے دعووں کی حمایت کیلئے کوئی دستاویزی ثبوت سمیت کوئی خط و کتابت فراہم نہیں کی ہے۔