امریکہ کی جانب سے ایک اسرائیلی آباد کاری تنظیم کی سرزنش

Nov 19, 2024 | 13:34

امریکہ نے پیر کے روز اسرائیلی آبادکاری کی تنظیم ’’امانا‘‘ پر پابندیاں عائد کر دیں۔ امریکی محکمہ خزانہ نے اپنی ویب سائٹ پر یہ بھی وضاحت کی ہے کہ امریکہ میں ’’ امانا‘‘ تنظیم اور اس کے ذیلی ادارے "بنیانی بار امانا" پر پابندیاں مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف تشدد میں ملوث افراد اور آبادکاری کی سرگرمیوں کی مالی مدد اور معاونت کی وجہ سے عائد کی گئی ہیں۔

اثاثے منجمد
’’ امانا‘‘ پر الزام ہے کہ اس نے سیٹلمنٹ چوکیوں کو قرضے اور مالی مدد فراہم کی۔ اس سے قبل ’’ میٹاریم‘‘ فارم پر بھی اسی بنا پر امریکی پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔ امریکی ٹریژری کے مطابق تنظیم اپنی مالی مدد اور بنیادی ڈھانچے کو مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کو بڑھانے اور فلسطینی زمینوں کو ضبط کرنے کے لیے بھی استعمال کرتی ہے۔ پابندیوں میں تنظیم اور اس کے ذیلی ادارے کے امریکہ میں اثاثوں کو منجمد کرنا اور امریکی افراد یا اداروں کے ساتھ ان کے کسی بھی قسم کے مالی لین دین کو روکنا شامل ہے۔

تشدد میں اضافہ
واضح رہے مغربی کنارے پر 1967 سے اسرائیل نے قبضہ کر رکھا ہے۔ سات اکتوبر 2023 سے قبل سے ہی مغربی کنارے میں پر تشدد کارروائیوں میں اضافہ ہوگیا تھا۔ اس عرصے میں یہودی آباد کاروں کی جانب سے فلسطینیوں پر تشدد کے واقعات بڑھ گئے تھے۔ تاہم 7 اکتوبر 2023 کو غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد مغربی کنارے میں پر تشدد کارروائیاں مزید تیز ہوگئیں اور صورت حال ابتر ہوگئی ہے۔ فلسطینیوں کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ب سے اب تک سینکڑوں فلسطینی آباد کاروں اور اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں مارے جا چکے ہیں۔

مزیدخبریں