سرکاری میڈیا نے بتایا کہ وسطی چین کے صوبہ ہونان میں ایک پرائمری سکول کے باہر گاڑی کے تصادم سے منگل کو کئی طلباء زخمی ہو گئے۔ریاستی نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی نے کہا، "سکول کے کئی بچے زخمی ہوئے۔ مخصوص ہلاکتوں کی تحقیقات جاری ہیں۔سرکاری میڈیا نے یہ نہیں بتایا کہ آیا یہ حادثہ دانستہ کیا گیا تھا۔چینی سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ویڈیو جو سکول کی آن لائن تصاویر سے مماثل ہے، اس حادثے کے بعد کے واقعات کو ظاہر کرتی ہے جس میں درجنوں بچے خوف و ہراس کے عالم میں جائے حادثہ سے دور بھاگ رہے ہیں۔ایک چھوٹے بچے سمیت کئی لوگوں کو زمین پر گرے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ایک اور ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک لہولہان شخص کو راہگیر لاٹھیوں سے پیٹ رہے تھے جبکہ وہ ایک ایس یو وی گاڑی کے قریب زمین پر پڑا تھا۔اس واقعے کی کئی ابتدائی ویڈیوز کو پہلے ہی چین کے سخت کنٹرول والے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے ہٹا دیا گیا تھا۔یہ حادثہ وسطی چین کے شہر چانگدے میں یونگ آن پرائمری سکول کے باہر پیش آیا۔چین نے گذشتہ ہفتے میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کے کئی واقعات دیکھے ہیں۔گذشتہ پیر کو جنوبی شہر زوہائی میں 35 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے جب ایک شخص نے اپنی کار ایک ہجوم پر چڑھا دی۔پولیس نے کہا کہ مشتبہ شخص جس کا خاندانی نام فین ہے، "طلاق کے بعد جائیداد کی تقسیم سے پیداشدہ عدم اطمینان اور شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔"ہفتے کے روز مشرقی چین میں ایک پیشہ ورانہ تربیت کے سکول میں چاقو کے حملے میں آٹھ افراد ہلاک اور 17 دیگر زخمی ہو گئے۔پولیس نے بتایا کہ 21 سالہ مشتبہ شخص سکول کا سابق طالب علم تھا جسے اس سال گریجویشن کرنا تھی لیکن وہ امتحانات میں ناکام ہو گیا تھا۔اکتوبر میں شنگھائی میں ایک شخص نے ایک سپر مارکیٹ میں چاقو کے حملے میں تین افراد کو ہلاک اور 15 کو زخمی کر دیا تھا۔