پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف کا استعفیٰ منظور نہیں کیا۔ نجی ٹی وی جیو نیوز کے ذرائع کے مطابق محمد یوسف نے چند روز قبل بیٹنگ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ محمد یوسف کو نئی ذمہ داری دی جائے گی، ان کو 2، 3 ذمہ داریوں کی پیشکش کی جائے گی جن میں سے سابق کرکٹر کو کسی ایک ذمہ داری کا انتخاب کرنا ہو گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پی سی بی مستقبل میں عبدالرزاق سے بھی رابطہ کر کے انہیں نئی ذمہ داری دے گا۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی محمد یوسف نے قومی ٹیم کے سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ اس حوالے سے محمد یوسف کا کہنا تھا کہ ذاتی وجوہات کی بنا پر عہدے سے مستعفی ہو رہا ہوں، اس ٹیم کی خدمت کرنا ایک اعزاز اور کرکٹ کے فروغ میں حصہ ڈالنے پر فخر ہے۔محمد یوسف کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ اور جذبے پر پورا اعتماد ہے، قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ 50 سالہ محمد یوسف کا شمار پاکستان کے چند کامیاب ترین بیٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نے 1998ء سے 2010ء تک اپنے کیریئر میں 7530 ٹیسٹ رنز اور 9720 ون ڈے رنز اسکور کیے، انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں ایک کیلنڈر ایئر (2006ء) میں سب سے زیادہ 1788 رنز اور سب سے زیادہ 9 سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔