سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ 24نومبر کو کوئی رہائی نہیں ہورہی کیونکہ بانی پی ٹی آئی کو بچانے کیلئے کوئی مخلص لوگ نہیں، سب کمپرومائز لوگ پارٹی میں موجود ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ 24 نومبر کو کچھ نہیں ہونا، پی ٹی آئی قیادت اندرون خانہ لیٹی ہوئی ہے، یہ ڈرامے بازی عمران خان کی رہائی کے لیے ہورہی ہے مگر عمران کا سودا کرکے پی ٹی آئی کے لوگ ریلیف لے رہے ہیں، احتجاج میں 50 ہزار آئیں یا 50 لاکھ لوگ کوئی فرق نہیں پڑے گا، 25 نومبرکو بانی پی ٹی آئی پرفرد جرم عائد ہونی ہے اس لیے 24 کے احتجاج کی کال دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے مداخلت دیکھنے کو مل رہی ہے، اب عمران خان کی بات کو مانتا ہوں کہ رجیم چینج کے وقت باہر سے مداخلت تھی، اچانک کانگریس اور دیگر طرف سے خط آگئے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے، میری نزدیک یہ (امریکا) سپر پاورز نہیں بلکہ زیرہ پاورز ہیں کیونکہ ان کو فلسطین پر ظلم نظر نہیں آرہا، سب کو کہتے ہیں کہ اپنا کام کریں ہم مداخلت نہیں کرتے تو آپ بھی نا کریں ۔ سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ خواہش ہے کہ بانی پی ٹی آئی کےجیل میں رہتےہوئے ان کی پارٹی فائدہ نہ اٹھائےاور نہ پیسے بنائے، بانی پی ٹی آئی کو بچانے کے لیے اب ان کے پاس کوئی نہیں بچا، غریبوں کو مروانے کے لیے یہ مل کر ڈراما کررہے ہیں۔فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ انڈر گراؤنڈ تو بات ہورہی ہے، پی ٹی آئی میں دھڑیں ہیں، اور پارٹی میں مخصوص ٹولہ اور ان کے بچے پیسے کما رہے ہیں، یہ بانی پی ٹی آئی کے لیے مشکلات کھڑی کررہے ہیں، پی ٹی آئی کی لیڈرشپ کہیں موجود نہیں سوائے خیبرپختونخوا کے، یہ سب پیروں میں پڑے ہوئے ہیں، 24 نومبر والا معاملہ پانی کا بلبلہ بننے جارہاہے، 24نومبر کو کوئی رہائی نہیں ہورہی، کوئی ایم این اے ایم پی اے 50 لوگ بھی نہیں لاسکے گا، بانی پی ٹی آئی کو بچانے کیلئے کوئی مخلص لوگ نہیں، سب کمپرومائز لوگ پارٹی میں موجود ہیں۔جنرل فیض حمید کے بارے میں بات کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ ان کی چیزیں بھی تیز چل رہی ہیں۔
عمران کو بچانے کیلئے کوئی مخلص نہیں: فیصل واوڈا
Nov 19, 2024 | 15:25