اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +خصوصی نامہ نگار+ ایجنسیاں + مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اورآرمی چیف سے امریکی سینٹ میں خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر جان کیری اور امریکی فوج کی سنٹرل کمان کے سربراہ جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم گیلانی نے جنرل پیٹریاس سے ملاقات میں امریکی کمان پر واضح کیا کہ امریکہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کرنے کی بجائے پاکستان کے حقیقی اقدامات کا سنجیدگی سے جائزہ لے اور اعتماد سازی کی فضا قائم کرے۔ پاکستان خودمختار ریاست ہے جو اپنے حقوق کا بھرپور تحفظ کرنا جانتی ہے، جنوبی وزیرستان آپریشن پر پاک فوج کو سیاسی قوتوں کی مکمل حمایت حاصل ہے عالمی برادری دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔سینیٹر جان کیری اور امریکی فوج کے جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے گزشتہ روز جی ایچ کیو میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ملاقات کی۔ معتبر ذرائع کے مطابق ملاقات میں سینیٹر جان کیری نے آرمی چیف کو یقین دلایا کہ امریکہ پاکستانی فوج میں ترقیوں کے معاملے میں مداخلت کا ارادہ رکھتا ہے اور نہ ہی امریکہ پاکستانی فوج پر بالواسطہ کنٹرول حاصل کرنا چاہتا ہے۔ ذرائع کے مطابق سینیٹر جان کیری نے پاک آرمی کے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کردار کو سراہا۔