پنجاب بالخصوص لاہور میں قاتل ڈینگی کا راج برقرار ہے جہاں ساڑھے سترہ ہزار سے زائد افراد اس وائرس کا شکار ہیں جبکہ سینکڑوں پر موت کے سائےمنڈلا رہے ہیں۔ آج لاہورکے میو ہسپتال میں زیرعلاج اسلام پورہ کا رہائشی پچاس سالہ جاوید اصغر پلیٹ لٹس کم ہونے کے باعث چل بسا جبکہ سروسز ہسپتال میں ڈینگی فیور میں مبتلا اچھرہ کی رہائشی پچاس سالہ نبیلہ بھی دم توڑ گئی جس کے بعد پنجاب میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد دوسو اکیاسی ہوگئی ہے۔ادھر پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں گلاب خانہ کا رہائشی ہمایوں نامی نوجوان چل بسا جس کے بعد خیبر پختوخوا میں ڈینگی سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد سات ہوگئی ہے۔مریضوں کےلواحقین نےالزام عائد کیاہےکہ ڈاکٹروں کی غفلت اورلاپرواہی کے باعث مریض ہسپتالوں میں دم توڑ رہے ہیں۔انہوں نےاعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ذمہ داران کےخلاف فوری کارروائی کی جائے۔ دوسری جانب چوبیس گھنٹوں میں صوبےمیں ڈینگی کےمزید دوسوپندرہ مریض سامنے آئے ہیں جن میں سے ایک سو پچیس کا تعلق لاہور سے ہے۔