مسلم لیگ نون آج سے زرداری حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کا باقاعدہ آغاز جنوبی پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان سے کررہی ہے، جہاں نون لیگ کے صدر میاں نوازشریف جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ نون لیگ کے ذرائع کے مطابق زرداری حکومت کے خاتمے کیلئے اس احتجاجی تحریک کو مرحلہ وار صوبے کے تمام اضلاع میں پھیلایا جائے گا جبکہ اس سلسلے کی مرکزی ریلی رواں ماہ کی چھبیس تاریخ کو صوبائی دارالحکومت لاہور میں نکالی جائے گی جس میں نون لیگ کی مرکزی قیادت شریک ہوگی۔ وقت نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے سیکرٹری اطلاعات مشاہد اللہ خان نے کہا کہ انکی جماعت اس ریلی میں عوام کے ساتھ گوں نا گوں مسائل پر اظہار یکجہتی کرے گی جس میں پڑولیم کی قیمتوں میں اضافہ،لوڈشیڈنگ،بےروزگاری، سیلاب زدگان کی امداد میں نااہلی اور وطن عزیز میں غیر ملکی مداخلت سمیت بڑے مسائل شامل ہیں۔ دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی آج سے سرگودھا سے گو نواز گو جدہ کی ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے