لاہور (خبرنگار) بھارت کو ”موسٹ فیورٹ نیشن“ قرار دینا بے غیرتی کی انتہا اور اجتماعی خودکشی ہے۔ فوج کو سیاسی فیصلوں میں نہ گھسیٹا جائے۔ اگر فوج سے پوچھ کر ہی کام کرنا ہے تو حکمران فوج کے حوالے کریں اور اپنی ناکامی کا اعتراف کر کے گھر چلے جائیں۔ ہم بھارت کو امریکہ کے دباﺅ پر رعایتیں دیئے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ریٹائرڈ سینئر عسکری ماہرین نے ”نوائے وقت“ سے بات چیت اور عابدہ حسین کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔ بریگیڈئر (ر) محمد یوسف نے کہا کہ سیاسی فیصلے فوج نے نہیں انہوں نے خود کرنے ہیں۔ آئین کی کس شق کے تحت یہ فوج کی تائید چاہتے ہیں۔ ایک طرف فوج پر لعن طعن کرتے ہیں کہ یہ سیاست میں مداخلت کرتی ہے۔ بریگیڈئر (ر) حامد سعید نے کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ فوج نے ایسی کوئی رضامندی دی ہو گی۔ حکومت نے یہ فیصلہ امریکیوں کے دباﺅ پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بلوچستان میں تخریب کاری کر رہا ہے۔ ہم اسے ”موسٹ فیوریٹ نیشن“ قرار دے دیں۔ بریگیڈئر (ر) فاروق حمید نے کہا کہ تجارت کا مخالف کوئی نہیں۔ مگر پہلے مسائل حل ہوں اور تجارت بھارت کے حق میں نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہمارا دشمن نمبر ون ہے۔ ہمیں تمام دھمکیاں بھارت سے ملتی ہیں۔ ہماری سرحدوں پر اس نے فوجوں کا مسلسل اجتماع رکھا ہوا ہے۔