ٹی ٹونٹی چیمپئنز لیگ: سڈنی سکسرز سیمی فائنل میں پہنچ گئی

Oct 19, 2012


کیپ ٹاﺅن(اے پی پی + نوائے وقت رپورٹ)چیمپئنز لیگ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں سڈنی سکسرز نے لائنز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کر لی۔ فاتح ٹیم نے 138 رنز کا ہدف 19 اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، شین واٹسن 47 اور بریڈ ہیڈن 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ غلام بودی کی نصف سنچری رائیگاں گئی۔ مچل سٹارک میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ کیپ ٹاﺅن میں کھیلے گئے میچ میں لائنز کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے، غلام بودی نے 61 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ سڈنی سکسرز کی طرف سے مچل سٹارک نے 3 جبکہ شین واٹسن اور جوش ہیزلووڈ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سڈنی سکسرز کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 19 اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، شین واٹسن 47 اور بریڈ ہیڈن 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔سٹیون سمتھ 25 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ لائنز کی طرف سے ایرن فانگیسو نے 3 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ممبئی انڈینز اور یارکشائر کے درمیان کھیلا گیا دوسرا میچ بارش کی نذر ہوگیا۔ ممبئی انڈینز نے 17.5 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے تھے کہ بارش ہوگئی۔ دونوں ٹیموں کو 2، 2 پوائنٹس مل گئے۔

مزیدخبریں