اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کبڈی فیڈریشن کے زیراہتمام دوسرا ایشیا کپ کبڈی ٹورنامنٹ 29 اکتوبر سے 6 ستمبر تک پنجاب سٹیڈیم لاہور میں منعقد ہو گا جس کی تمام تر تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں۔ اس بارے میں پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد سرور جو ایشین کبڈی فیڈریشن کے بھی سیکرٹری جنرل ہیں، نے پاکستان سپورٹس بورڈ کے میڈیا سنٹر میں قومی کوچ یاسر وحید کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن بھارت اور میزبان پاکستان سمیت ایران، افغانستان، سری لنکا، نیپال اور انڈونیشیا کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب یکم نومبر کو جبکہ اختتامی تقریب 5 نومبر کو منعقد ہو گی جس کے مہمان خصوصی وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ہوں گے۔ سرکل سٹائل پر ہونے والے ٹورنامنٹ کے ڈراز نکال لئے گئے ہیں۔ پہلے روز یکم نومبر کو پاکستان بمقابلہ ایران، بھارت بمقابلہ افغانستان اور نیپال بمقابلہ انڈونیشیا میچز ہونگے۔ پول ”اے“ میں بھارت، افغانستان اور سری لنکا جبکہ پول ”بی“ میں پاکستان، ایران، نیپال اور انڈونیشیا شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز 4 نومبر کو اور فائنل 5 نومبر کو ہو گا۔سیکرٹری ایشین کبڈی فیڈریشن نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ بھی لئے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم 30 لاکھ روپے ہے۔ اول آنے والی ٹیم کو 15 لاکھ، دوم آنے والی کو 10 لاکھ اور سوم آنے والی کو 5 لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔ ہم یہ ٹورنامنٹ اسلام آباد میں بھی کرا سکتے تھے مگر لاہور میں کرانے کا مقصد یہ ہے کہ دنیا بھر کو یہ پیغام جائے کہ پورا پاکستان پُرامن ہے۔ ٹورنامنٹ کے ذریعے 2010ءمیں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان پر لگنے والے داغ کو مٹانا چاہتے ہیں۔ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد سے پاکستان میں انٹرنیشنل سپورٹس ایونٹس کے انعقاد کیلئے راہیں ہموار ہونگی۔ غیرملکی ٹیموں کی آمد کا سلسلہ 29 اکتوبر سے شروع ہو جائیگا۔ پریس کانفرنس میں قومی کوچ طاہر وحید نے بتایا کہ قومی کبڈی ٹیم کا تربیتی کیمپ یکم اکتوبر سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں جاری ہے۔ تمام کھلاڑی فٹ ہیں اور انشااللہ پاکستانی ٹیم ایشیا کپ جیت کر قوم کو تحفہ دے گی۔