ملتان (آئی این پی) ملتان میں اساتذہ کے تبادلوں کے خلاف طالبات کے مظاہرے میں طلباءکی شرکت کے بعد ہونے والی ہنگامہ آرائی کے دوران طلباءنے احتجاج سے روکنے پر پولیس اہلکاروں کی درگت بنا دی۔ پولیس اہلکاروں کو ہوائی فائرنگ کر کے اپنی جان بچانا پڑی‘ اس دوران پہلے طلبہ نے ایک اے ایس آئی سمیت دیگر اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا بعد ازاں جو بھی طالب علم پولیس کے ہتھے چڑھا پولیس اہلکاروں نے اس پر دل کھول کر اپنی بھڑاس نکالی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے متعدد تعلیمی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے تبادلوں کا سلسلہ جاری ہے اور اس دوران جمعرات کو یہاں ایک مقامی کالج کی اساتذہ کے تبادلوں کیخلاف طالبات کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا تھا کہ اس دوران قریبی کالج کے طلباء بھی لڑکیوں کی حمایت میں مظاہرے میں شریک ہو گئے اور زبردست احتجاج کیا۔ آر پی او ملتان عامر ذوالفقار نے طلبا پر تشدد میں ملوث پولیس اہلکارو ں کیخلاف تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔
ملتان: طالبات کے مظاہرے میں طلباءکی شرکت، پولیس اہلکاروں پر تشدد
Oct 19, 2012