اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات قمر زمان کائرہ نے چین کے ساتھ دوستی کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی جزو قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ چین نے پاکستان کی ترقی میں اہم کردار اداکیا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا کسی دوسرے ملک کے ساتھ موازنہ نہیں کیا جا سکتا، وہ چین کے وفد سے گفتگوکررہے تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان اور چین کو میڈیا کے شعبے میں مہارتوں اور تجربہ کا باہمی تبادلہ کرکے مستفید ہونا چاہئے اور دونوں ممالک کو میڈیا کے بڑے اداروں کے درمیان خبروں کے باہمی تبادلہ کا طریقہ کار وضع کرنا چاہئے۔ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے ضروری ہے کہ دونوں ممالک کے میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد ایک دوسرے کے ملک کے باقاعدگی سے دورے کریں۔ ہم چین کے ساتھ اپنے تاریخی تعلقات کی بہت قدر کرتے ہیں کیونکہ چین نے پاکستان کی ترقی میں اہم کردار اداکیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا کسی دوسرے ملک کے ساتھ موازنہ نہیں کیاجا سکتا۔ دونوں ممالک کے تعلقات نہ صرف خطے میں امن اور استحکام کا ایک ذریعہ ہیں بلکہ یہ دوسرے ممالک کے لئے ایک مثال بھی ہیں۔ وفد کے سربراہ چائنا ریڈیو انٹرنیشنل کے وانگ جینگ ژیان نے کہاکہ دوستی چینل ایف ایم 98 کا اجراءپاکستان اور چین کے درمیان میڈیا کے شعبہ میں تعلقات کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ یورپی یونین کے وفد سے گفتگو میں قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ یورپی یونین پاکستان میں جمہوریت کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہے، بدقسمتی سے ماضی میں بعض عالمی قوتوں نے آمریت کی حمایت کی جس سے پاکستان کو نقصان پہنچا۔ آزاد، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد سے انتہاپسند قوتیں دم توڑ جائیں گی، جمہوریت کے استحکام کیلئے صدر زرداری کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات روز بروز مستحکم ہو رہے ہیں۔
پاکستان چین تعلقات کا موازنہ کسی دوسرے ملک سے نہیں کیا جا سکتا: کائرہ
Oct 19, 2012