چین نے ہمیشہ پاکستان کے استحکام اور سلامتی کیلئے بھرپور کردار ادا کیا: گورنر

Oct 19, 2012

لاہور (خبر نگار) پاکستان اور چین کی دوستی بین الاقوامی تعلقات میں باہمی اتحاد کے حوالے سے دُنیا میں بہترین مثال کا درجہ رکھتی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات نسلوں سے دن بدن مضبوط سے مضبوط تر چلے آ رہے ہیں۔ دونوں ممالک نہ صرف ایک دوسرے کے پڑوسی ہیں بلکہ ان کے دل بھی اکٹھے دھڑکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب سردار محمد لطیف خاں کھوسہ نے لاہور ائیرپورٹ پر چینی کیمونسٹ پارٹی کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کے استحکام اور سلامتی کے لئے بھرپور کردار ادا کیا ہے اور بین الاقوامی فورمز پر بھی پاکستان کے دفاع اور نقطہ¿ نظر کی بھرپور حمایت و تائید کی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا صدر نے چین کے ساتھ پاکستان کی دوستی کو مزید استحکام دینے کے لئے نو (9) دورے کئے ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ وزیراعظم نے بھی چین کے 7 دورے کئے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات دُنیا میں مثالی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ اس موقع پر وفد کے سربراہ مسٹر لی چنگ چن نے کہا کہ ہمارا پاکستان کا یہ دورہ انتہائی کامیاب رہا ہے بالخصوص صدر زرداری سے ملاقات بہت اہم تھی جس میں ہم نے مختلف شعبوں میں پاکستان چین تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ چین پاکستان کو مضبوط، مستحکم اور خوشحال دیکھنا چاہتا ہے۔ وفد کے سربراہ نے کہا کہ اُنہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو کو بھی چین کے دورے کی دعوت دی ہے اور اس کے علاوہ صوبہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ کو بھی چین کے دورے کا کہا ہے۔ اس موقع پر وفد کے سربراہ نے گورنر پنجاب کو بھی چین کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

مزیدخبریں