شاہ جمال (خبر نگار) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی چودھری نثار علی نے کہا ہے کہ (ن) لیگ شمالی وزیرستان آپریشن کے بالکل مخالف ہے اور ہر فورم پر اس کی شدید مخالفت کی جائے گی۔ وفاقی حکومت نے امریکی ایماءپر ملالہ یوسف زئی پرحملے کو جواز بنا کر شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کا جو پروگرام بنایا ہے اسے ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ آپریشن کے نام پر نہتے و بے گناہ مسلمان بھائیوں کے قتل عام کی اجازت ہرگز نہیں دی جا سکتی۔ زرداری ٹولہ امریکی خوشنودی میں اس قدر آگے نہ جائے کہ واپسی ممکن نہ رہے۔ ڈرون حملوں میں نہ جانے روزانہ ملالہ ایسی کتنی معصوم بچیاں شہید کی جا رہی ہیں۔ حکومت ان کی شہادت پر تو خاموش ہے اور ڈرون حملے روکنے کے لئے آج تک سنجیدہ وسخت اقدامات نہیں کئے گئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) مظفرگڑھ کے ضلعی رہنما نوابزادہ افتخار خان کی قیادت میں ملاقات کے لئے اسلام آباد آفس میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم این اے ریاض پیرزادہ بھی موجود تھے۔ نوابزادہ افتخار خان نے انہیں مظفرگڑھ کی تازہ ترین سیاسی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔
شمالی وزیرستان آپریشن کی ہر فورم پر مخالفت کرینگے: چودھری نثار
Oct 19, 2012