کوئٹہ: فائرنگ کے مختلف واقعات میں پیش امام سمیت 3 افراد جاں بحق

Oct 19, 2013

کوئٹہ (این این آئی) بلوچستان کے ضلع کیچ اور گوادر میں فائرنگ کے واقعات میں پیش امام سمیت 3 افراد کو قتل کر دیا گیا۔ مکران ڈویژن کے ضلع کیچ میں فائرنگ کرکے دو افراد کو قتل کردیا گیا۔ لیویز کے مطابق بدھ کی صبح کیچ سے تقریباً 25 کلو میٹر دور پیدرگ کے مقام پر ایک نامعلوم شخص کی تشدد زدہ لاش ملی جسے اہل علاقہ نے علاقے کے پیش امام عالم کے نام سے شناخت کیا۔ لاش ایک دن پرانی بتائی جاتی ہے جسے گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ اہل علاقہ نے بتایا کہ پیش امام کو ایک روز قبل نامعلوم افراد نے اغوا کیا گیا تھا۔ کیچ ہی کے علاقے تحصیل مند میں پرانی دشمنی کی بناءپر دو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے غلام کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ مقتول کی لاش مند ہسپتال منتقل کردی گئی۔ مکران ڈویژن ہی کے ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے وارڈ نمبر 6 میں نامعلوم افراد نے دین محمد بلوچ کو گھر کے قریب فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔

مزیدخبریں