لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ طالبان کو پاکستان کے آئین اور وجود کو تسلیم کرنے کا اعلان کر کے مذاکرات کی پیشکش کا مثبت جواب دینا چاہئے۔ وہ عیدالاضحی کے موقع پر چلڈرن ہسپتال میں مریض بچوں سے عید ملنے اور انہیں پھول و تحائف دینے کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے، کے وزیر قانون اسرار اللہ گنڈاپور کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے طالبان کو خلوص دل کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش کی اور مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھا رہے ہیں لیکن عید کے دن بھی دہشت گردی سے باز نہیں آیا۔ قوم کو متحد ہوکر دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وزیراعظم کی پالیسی سے امن قائم ہو گا اور صورتحال بہتر ہوجائیگی تاہم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قوم کو ملکر دشمن کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی مےں خودکش حملے میں صوبہ خیبر پی کے، کے وزےر قانون اسرار اللہ گنڈاپور سمیت دیگر قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک کو فون کیا اور خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے خیبر پی کے کے صوبائی وزیر قانون اسرار اللہ گنڈاپور اور دیگر قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس افسوسناک واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ دریں اثناءشہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کو گذشتہ کئی برسوں سے دہشت گردی کے سنگین مسئلے کا سامنا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج، پولیس کے افسران اور جوانوں کے علاوہ عام شہریوں نے بھی قربانیاں دی ہیں اور اب تک 50 ہزار پاکستانی شہری شہید ہوچکے ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں وفاقی حکومت نے دہشت گردی کی روک تھام کیلئے سیاسی جماعتوںکی مشاورت سے پالیسی مرتب کی ہے جس پر عملدرآمد کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور ملک میں انشاءاﷲ امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگی۔ پاکستان کے دشمن گھات لگائے بیٹھے ہیں اور دشمن ملک میںعدم استحکام پیدا کرنے کی مذموم سازش کر رہا ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کیخلاف جنگ میں متحد ہو جائے۔ قوم کو ےکجان دوقالب ہو کر ملک دشمن عناصر کیخلاف سیسہ پلائی دیوار بننا ہوگا اور دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کیلئے مشترکہ کاوشیں کرنا ہوں گی۔ شہباز شریف نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پوری قوم کو عید کے موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور میری اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہر آنیوالی عید پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کا پیغام لے کر آئے۔ انہوں نے کہا کس قدر افسوس کی بات ہے کہ انسانیت، اسلام، پاکستان اورامن کے دشمنوں نے عید کی خوشی کے موقع پر بھی خیبر پی کے میں بے گناہ لوگوں کا خون بہایا۔ میں نے اس گھناﺅنے واقعہ پر خیبر پی کے، کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سے بات کی اور واقعہ پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا دہشت گردی نے ملک اور قومی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے۔ پوری قوم کو متحد ہو کر دہشت گردی اور ملک کے دشمنوںکا مقابلہ کرنا ہو گا ےہی میرا عید کا پیغام ہے۔ طالبان سے مذاکرات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے کہا وفاقی حکومت نے وزیراعظم کی سربراہی میں طالبان کیساتھ نیک نیتی سے مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھایا اور خلوص نیت سے انہیں مذاکرات کی دعوت دی۔ طالبان کو بھی مذاکرات کی دعوت کا مثبت جواب دینا چاہئے۔ بچوں کے لواحقین نے ہسپتال میں دی جانیوالی طبی سہولیات پر اظہاراطمینان کرتے ہوئے کہا کہ انکے بچوںکا ہسپتال میں بہترین علاج ہو رہا ہے اور انہیں علاج کے حوالے سے کسی پریشانی کا سامنا نہیں۔ وزیراعلیٰ نے سیکرٹری صحت کو ہدایت کی کہ چلڈرن ہسپتال کی طرز پر صوبے کے تمام ڈویژنوں میں بچوں کو علاج معالجہ کی سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے مربوط پالیسی مرتب کی جائے۔ دریں اثناءشہباز شریف نے وفاقی سیکرٹری صحت فاروق اعوان کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ مرحومہ کی روح کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور غمزدہ خاندان کو ےہ صدمہ صبر و تحمل سے برداشت کرنے کی توفیق دے۔ قبل ازیں شہبازشریف نے عیدالاضحی کی نماز جاتی عمرہ رائیونڈ میں ادا کی۔ اس موقع پر ملک کی ترقی و خوشحالی اور سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ عید کی نماز ادا کرنے کے بعد وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف لوگوں سے عید ملے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف، ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماﺅں نے بھی عید کی نماز جاتی عمرہ رائیونڈ میں ادا کی۔