نوڈیرو (آن لائن) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرپرسن اور سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کی حمایت نہ کرتے تو حالات مزید خراب ہو جاتے، حکومت کی غلط پالیسیوں پر تنقید کرنے کا حق حاصل ہے، نہیں چاہتے کہ ملک ٹوٹے اس لئے حکومت کا ساتھ دیتے رہیں گے۔ بھٹو ہاﺅس میں پیپلزپارٹی ضلع لاڑکانہ کی جانب سے دی جانے والی عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ افغانستان میں جاری جنگ کے باعث ملک بھر میں جنگی صورت حال ہے جس سے ہمیں نکلنے کی ضرورت ہے۔ میں نہیں چاہتا ملک اس طرف جائے جس طرف سے واپسی کا کوئی راستہ نہ ہو تاہم اس وقت واپسی کا راستہ موجود ہے۔ ہمیں سندھ میں حکومت کرنے کا مینڈیٹ حاصل ہے سینٹ میں بھی ہمیں اکثریت حاصل ہے۔ مکمل طور پر ملکی مفاد میں فیصلے کریں گے۔ ہم نے مفاہمت کے باعث پانچ سال کا عرصہ مکمل کیا تمام اتحادی جماعتوں کے مشورے کے بعد ہی اہم فیصلے اور تمام معاملات حل کئے جاتے تھے تاہم اب مسلم لیگ کو اکثریت حاصل ہے وہ جو چاہے فیصلے کرے۔ فائدہ نقصان ملک اور آئندہ نسل کا ہونا ہے۔ ہم ملکی مفاد کے ہر فیصلے پر (ن) لیگ کا ساتھ دیں گے۔ ہم آج بھی کہتے ہیں کہ ''قدم بڑھاﺅ نواز شریف ہم تمہارے ساتھ ہیں''۔ آصف علی زرداری نے کہا کچھ عناصر ملک میں لسانی اور مذہبی فسادات کروانا چاہتے ہیں تاکہ شرپسندوں کو فائدہ ملے جنہیں ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔ سندھ حکومت صوبے کو رول ماڈل بنائے گی۔ سندھ میں اپنی بجلی پیدا کی جائے گی جو کہ ہر ضلع میں سستے داموں میں فراہم کی جائے گی۔ ملکی گیس پر سندھ کا 50 فیصد حق ہے۔ انہوں نے کہا کے سندھ کی سکیورٹی بہتر کر رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی ہر اس فیصلے میں مسلم لیگ کا ساتھ دے گی جو ملکی مفاد میں ہو۔ طالبان سے جنگ یا مذاکرات میں حکومت کا ساتھ دیں گے، تیسری قوت کو موقع نہیں دینا چاہتے۔ سیاسی جماعتیں آپس میں لڑ پڑیں تو تیسری قوت فائدہ اُٹھائے گی، ہم نہیں چاہتے کہ ملک ٹوٹے اس لئے حکومت کا ساتھ دیتے رہیں گے۔ افغان جنگ کے باعث بلوچستان اور خیبر پی کے میں حالات خراب ہیں۔
قدم بڑھاﺅ نوازشریف ہم تمہارے ساتھ ہیں : آصف زرداری
Oct 19, 2013