دہشتگردوں کے تعاقب میں باڑہ آپریشن

Oct 19, 2014

اداریہ

خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں سکیورٹی فورسز نے ’’خیبر ون‘‘ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ سکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے  ٹھکانوں پر بھاری توپخانے سے شیلنگ کے نتیجے میں 10 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے جبکہ ایک سکیورٹی اہلکار شہید اور ایک زخمی ہو گیا۔ دریں اثناء کاخیل خیبر ایجنسی کے دہشت گرد کمانڈر معلم نے 30 ساتھیوں سمیت فورسز کے سامنے ہتھیار ڈال دئیے۔ گذشتہ دنوں وادی تیراہ میں امن لشکر کے اجلاس میں خود کش حملے سے 7 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہو گئے تھے۔ اسکے جواب میں پاک فضائیہ کی کارروائی میں 21 دہشت گرد ہلاک ہو گئے اور انکے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے۔ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب میں مصروف فوج کی طرف سے کہا گیا تھا کہ وہ شمالی وزیرستان سے دہشت گردوں کے خاتمے کے بعد دہشتگردوں کا پورے ملک میں تعاقب کریگی۔ شمالی وزیرستان میں آپریشن آخری مراحل میں ہے۔ فوج نے باڑہ میں بروقت کارروائی کی ہے باڑہ کے محدود علاقے سے دہشت گردوں  کا آسانی سے خاتمہ ہو جائیگا۔ جہاں سے نقل مکانی بھی  ہوئی تاہم جو لوگ بھی بے گھر ہوں حکومت ان کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنے کی کوشش کرے۔ شمالی وزیرستان میں ہزار کے قریب دہشتگرد مارے گئے جبکہ فرار ہونیوالوں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔ فوج کو انکے دوبارہ منظم ہونے سے قبل ان کا تعاقب کرنا ہو گا۔ 30 شدت پسندوں کا سرینڈر فوج کی ایک اور کامیابی ہے۔

مزیدخبریں