پولیس، عدلیہ صحیح کام کرےں تو کمزوروں کو بروقت انصاف ملے: گورنر پنجاب

Oct 19, 2014

ملتان (نوائے وقت نیوز+ این این آئی+ ثناءنیوز) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے وطن عزیز میں غریبوں کو انصاف نہ ملنے کی سب سے بڑی وجہ اداروں کا ذمہ داری سے کام نہ کرنا ہے، عام آدمی انصاف کے حصول کیلئے ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مر جاتا ہے مگر اسکی داد رسی نہیں ہوتی، صحت و تعلیم کے شعبوں میں حکومت ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر جیل خانہ جات چوہدری عبدالوحید ارائیں کے گھر آمد پر علاقہ عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا ملکی معیشت کو بہتر کرنے کیلئے جی ایس پی پلس سٹیٹس سے فائدہ اٹھانا انتہائی ضروری ہے تاہم بجلی اور گیس کی کمی سے انڈسٹری بُری طرح تباہ ہو رہی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف عوامی مسائل کے حل کیلئے انتہائی سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے عوام ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ بعد ازاں گورنر پنجاب نے گارڈن سٹی میں گورنمنٹ زینت میڈیکل سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری محمد سرور نے کہا جنوبی پنجاب میں صحت کی سہولتیں نہ ہونے کے برابرہیں جبکہ آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ انکا کہنا تھا انہوں نے گورنر بننے کے بعد پروٹوکول نہیں لیا اور پرائیویٹ گاڑی میں سفر کرنا زیادہ مناسب سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مختلف وفود سے ملاقاتیں بھی کیں۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق گورنر پنجاب نے کہا ملک میں غریب اور کمزور کو انصاف دیر سے ملتا ہے۔ پولیس اور عدلیہ صحیح کام کرے تو کمزوروں کو بروقت انصاف ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا تمام ادارے ٹھیک کام کریں تو سب کو انصاف مل سکتا ہے۔ مجھے پروٹوکول سکیورٹی کی وجہ سے دیا جا رہا ہے۔ ثناءنیوز کے مطابق مسلم کالج کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا دولت مندوں کا نام دنیامیں کبھی زندہ نہیں رہا۔ جو لوگ عوام کی خدمت کرتے ہیں ہمیشہ انکو ہی یاد رکھا جاتا ہے۔ اصل چیز دُکھی انسانیت کے کام آنا ہے ہمیں اپنے کردار کو اسلام کے مطابق ڈھالنا ہے۔ اسلام ہمیں محبت‘ اخوت ‘ درگزراور صبر کا درس دیتا ہے۔ اسلام نے جو کچھ ہمیں سکھایا ہے وہ دنیا میں کسی مذہب نے نہیں سکھایا۔ اسلام نے 14 سو سال قبل جو انسانوں کو حقوق دئیے وہ اب تک یورپ نہیں دے سکا۔ ہمارے طلباءہمارا مستقبل ہیں انہیں محنت سے اپنا مقام بنانا ہو گا۔ ملتان سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق گورنر پنجاب نے جامعہ خیرالمدارس ملتان کا دورہ کیا اور جامعہ کے مہتمم مولانا قاری محمد حنیف جالندھری اور اساتذہ کرام سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ جامعہ خیر المدارس کے مہتمم مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہا ملکی حالات کا تقاضا ہے پاکستان کی قیادت اور عوام اپنے ذاتی مفادات کو پس پشت ڈالتے ہوئے ملک کی حفاظت کے لئے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو جائیں۔ گورنر پنجاب نے کہا میں جب برطانیہ میں تھا تو جو معلومات ہوتی تھی ان سے ظاہر ہوتا تھا تمام برائیوں کی بنیاد دینی مدارس ہیں لیکن جب براہ راست رابطہ ہوا اور صحیح معلومات تک رسائی ہوئی تو معلوم ہوا دینی مدارس بہت بڑا کردار ادا کر رہے ہیں۔ گورنر پنجاب اور مولانا محمد حنیف جالندھری نے اس بات سے اتفاق رائے کیا دینی اور عصری جامعات میں رابطہ ہونا چاہئے اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔

گورنر پنجاب

مزیدخبریں