لاہور (خبر نگار) این اے 128 میں شاہ پور پولنگ سٹیشن پرمبینہ طورپر مسلم لیگی امیدوار کے حق میں ووٹ ڈلوانے والے اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسر اور اقبال ٹاؤن لاہور کے پٹواری راحیل اصغر کھوکھر کو ملازمت سے فارغ کر دیا گیا۔ راحیل اصغر کھوکھر کو 3 سال قبل اس وقت کے ڈی سی او لاہور نے کنٹریکٹ پر بھرتی کیا تھا۔ وہ مسلم لیگی رکن قومی اسمبلی کے قریبی رشتہ دار ہیں اور انہیں انکے اپنے علاقے (علامہ اقبال ٹاؤن) میں پٹواری تعینات کردیا گیا اور وہ 3 سال اقبال ٹاؤن انتظامیہ کے ماتحت شعبہ ٹاؤن پلاننگ کے ساتھ ڈیوٹی انجام دیتے رہے۔ 2013ء کے انتخابات میں این اے 128 سے شکست کھانے والے تحریک انصاف کے ملک کرامت کھوکھر اور رکن صوبائی اسمبلی ظہیر عباس کھوکھر نے الزام لگایا کہ راحیل اصغر کھوکھر نے پریذائیڈنگ افسر کو ’’گھر‘‘ بھیج کر خود پولنگ سٹیشن سنبھال لیا اورمبینہ طور پر وہاں دل کھول کر دھاندلی کی گئی۔ عمران خان دھرنے کے دوران بھی اس بارے میں بات کر چکے ہیں۔ راحیل اصغر کھوکھر نے اپنی ملازمت کی مستقلی کیلئے درخواست دی تھی مگر سابق اے سی ماڈل ٹاؤن طارق چانڈیو اور ٹی ایم او گلبرگ ٹاؤن آغا ہمایوں حفیظ نے جب ریکارڈ منگایا تو پتہ چلا راحیل اصغر صرف میٹرک پاس ہیں اور پٹوار ڈپلومہ انکے پاس نہیں جس پر دونوں افسران نے انکے خلاف لکھا اور راحیل اصغر کھوکھر کا کنٹریکٹ ختم ہونے پر ملازمت سے فارغ کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق راحیل اصغر کھوکھر کو اب ملازمت پر بحالی کیلئے سیاسی بنیادوں پر زور لگایا جا رہا ہے۔
شاہ پور پولنگ سٹیشن پرمبینہ دھاندلی کرانے والا پٹواری راحیل اصغر نوکری سے فارغ
Oct 19, 2014