جوہربارو (سپورٹس ڈیسک) ملائیشیا میں جاری سلطان آف جوہر انڈر 21 ہاکی ٹورنامنٹ کے میچ میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان میچ برابر ہو گیا۔ بھارت نے آسٹریلیا کو شکست دیدی۔ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان مقابلہ آخری منٹ تک سنسنی خیز رہا۔ پاکستانی کھلاڑیوں کے بے جا فا¶لز کی وجہ سے حریف ٹیم کو کھیل کے پہلے ہاف میں 7 جبکہ دوسرے میں 4 پنلٹی کارنرز ملے تاہم وہ 2 گول کر سکی۔ پاکستان کو 4 پنلٹی کارنرز ملے جن میں سے ایک پر گول ہوا۔ دوسرا گول فیلڈ کے ذریعے کیا گیا۔ پاکستانی ٹیم کے ناقص کھیل کی وجہ سے دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ دو دو گول سے برابر رہا۔ کئی مواقع ایسے بھی تھے جب پاکستانی کھلاڑی ایک دوسرے کو فری پاس دیتے ہوئے گیند قابو نہ کر سکے اور گیند سائیڈ لائن پار کر گئی۔ فیلڈ کے دوران گیند پاس کرتے ہوئے اتنی سست پاس کی گئی کہ حریف کھلاڑیوں نے کنٹرول حاصل کر لیا۔ بھارت نے آسٹریلیا کو 2 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ پاکستان اور ملائیشیا پانچویں اور چھٹی پوزیشن کیلئے ایک بار پھر مدمقابل ہوں گے۔