لاہور(نمائندہ سپورٹس رپورٹر)یو اے ای میں ہونے والی پاکستان آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کے لئے پی سی بی نے16 رکنی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے قومی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے بنائی گئی 16 رکنی ٹیم کی منظوری دی ہے، مصباح الحق کو ٹیم کا کپتان برقرا ررکھا گیا ہے جبکہ یونس خان بھی قومی ٹیسٹ سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ عمراکمل سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں جبکہ تجربہ کار اور سینئر افتتاحی بلے باز توفیق عمر بھی کم بیک کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ٹیم میں چند نوجوان کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا گیا ہے۔ معین خان کی سربراہی میںقائم قومی سلیکشن کمیٹی نے آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچ کے بعد ٹیسٹ میچوں کے کھلاڑیوں کی فہرست تیار کی ۔ جسے چیئرمین پی سی بی کی منظوری کے بعد حتمی شکل دیدی گئی ۔قومی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے اعلان کردہ16 رکنی سکواڈ میں احمد شہزاد، اسد شفیق، اظہر علی، احسان عادل، حارث سہیل، عمران خان،مصباح الحق ( کپتان)، محمد حفیظ، محمد طلحہ، راحت علی، سرفراز احمد( وکٹ کیپر)شان مسعود، توفیق عمر،یاسر شاہ، یونس خان اور، ذوالفقار بابر شامل ہیں۔واضح رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹیسٹ دوبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں بدھ 22 اکتوبر سے شروع ہوگا۔