نارنگ: مونجی میں خسارہ، دلبرداشتہ کسان کھیت میں ہی گرکر جاں بحق، دیہاتیوں کا احتجاج

نارنگ منڈی (نامہ نگار) سرحدی علاقہ پرانا چک دھیدو میں 6 بچوں کا غریب باپ عبدالستار گجر مونجی کی فصل کے اخراجات پورے نہ ہونے پر نقصان کا صدمہ برداشت نہ کرتے ہوئے کھیتوں میں ہی گر کر دم توڑ گیا، پوراعلاقہ سراپا احتجاج بن گیا۔ کسان کی اچانک موت پر علاقہ بھرکے زمینداروںاور کاشتکاروں نے تحریک انصاف کے رہنمائوں اصغرعلی بوگی اورحافظ طارق گجر کی قیادت میں حکومت کیخلاف زبردست احتجاج کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ غریب کسان متوفی عبدالستارگجر نے 10 ایکڑ زرعی رقبہ سالانہ ٹھیکہ پر حاصل کرکے اس میں مونجی کی فصل کاشت کر رکھی تھی۔ گذشتہ روز جب مونجی کی فصل کی کٹائی ہوئی تومتوفی کو فی ایکڑ 10ہزار روپیہ نقصان ہوا اوراس میں ٹھیکے کی رقم بھی پوری نہ ہوسکی۔ مظاہرین نے بتایا کہ فی ایکڑزرعی رقبہ پر ادویات کھاد اور بیج وغیرہ کی مد میں 25 ہزارروپے خرچ ہو رہے ہیں جبکہ کسان کی فی ایکڑ فصل صرف 15 ہزار روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کسان مکائو پالیسی پرعمل پیرا ہے۔

ای پیپر دی نیشن