اسلام آباد(سٹاف رپورٹر+ ابرار سعید/ نیشن رپورٹ) پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل سردار شفقت حیات بلوچ نے یقین دلایا ہے بیرون ملک کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں کی اسامیوں پر تقرریوں کیلئے امیدواروں کا میرٹ پر اور نئے سرے سے انتخاب کیا جائے گا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا اس سے پہلے میرٹ کی دھجیاں اڑا کر منظور نظر افراد کی فہرست منظوری کیلئے وزیراعظم کو ارسال کی گئی تھی۔ احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے فیصلہ کیا ہے امیدواروں کے دوبارہ ٹیسٹ اور انٹرویو لیے جائیں گے۔ نئی سمری وزیراعظم پاکستان کی منظوری کیلئے بھجوا دی گئی ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے سابق وفاقی سیکرٹری وزارت سمندر پار پاکستانیز کی طرف سے وزیر اعظم کو جو فہرست منظوری کیلئے ارسال کی گئی اس میں این ٹی ایس میں 1 9,6, 11,، 12، 13، 14 16,، 17 نمبر پر پاس ہونے والے نو امیدواروں کا نام ہی شامل نہیں تھا اس کے بجائے 57، 42، 41 ،25، 21، 18,19,20 پر آنے والے افسران کی تعیناتی کی سمری منظوری کیلئے مارچ میں وزیراعظم آفس ارسال کی گئی۔ اس بے ضابطگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم نے سمری واپس کر دی تھی۔ این ٹی ایس ٹیسٹ میں میرٹ لسٹ میں پہلے نمبر پر آنے والے اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال ضیغم نواز چوہدری اور دیگر افسران میں ایڈیشنل کلکٹر کسٹم فرخ سجاد، ایڈیشنل سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب محمد شفیق احمد، ڈی سی او میانوالی طلعت محمودگوندل، ڈی سی او سرگودھا ثاقب منان، ایڈیشنل کمشنر ان لینڈ ریونیو منیر صادق، ایڈیشنل کلکٹر کسٹم ڈاکٹر رضوان صلابت، ڈاکٹر ہارون سرور پی اے آر سی، ثناء اللہ منگی سندھ گورنمنٹ، ایس ایس پی کامران عادل اور ایس ایس پی محمد سلیمان، نذر محمد رانجھا اور شاہد یونس وغیرہ شامل ہیں۔