راولپنڈی + لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) مریڑ چوک کے قریب میٹرو بس کیلئے بنائے گئے پل سے کنکریٹ کا ٹکڑا گرنے سے ایک موٹر سائیکل سوار اس کی زد میں آکر شدید زخمی ہو گیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گیا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے میٹرو بس انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح راولپنڈی کے علاقے مریڑ چوک کے قریب میٹرو بس کیلئے بنائے گئے پل کا ایک حصہ سرک گیا جس کی وجہ سے ایک کنکریٹ کا بھاری ٹکڑا مری روڈ پر آ گرا جس کی زد میں موٹر سائیکل سوار نیاز شدید زخمی ہو گیا جس کے بعد اسکے ساتھ موجود دوسرے شخص حمید نے اس کو بے نظیر بھٹو شہید ہسپتال منتقل کیا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق نیاز کو سر پر شدید چوٹ لگی جس کی وجہ سے اسکا کافی خون بہہ گیا تھا اور وہ بیہوشی کی حالت میں ہسپتال لایا گیا۔ نیاز کی جان بچانے کی ہرممکن کوشش کی گئی تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ نیاز پیرودھائی کے علاقے کا رہائشی تھا جبکہ اس کا تعلق آزاد کشمیر سے تھا۔ واقعہ پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ میں نے میٹرو بس منصوبہ بننے سے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ نہیں چل سکتا اور یہی میٹرو منصوبہ حنیف عباسی کے گلے پڑے گا جبکہ حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ایک پتھر گر گیا کوئی بات نہیں میٹرو بند نہیں ہوئی وہ رواں دواں ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ حادثات ہوتے رہتے ہیں اس میں بندے بھی مارے جاتے ہیں، میڈیا والے بات کا بتنگڑ بناتے ہیں۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے راولپنڈی میں میٹرو بس منصوبے کے ایک حصے سے پتھر گرنے سے ایک راہگیر کے جاں بحق ہونے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے میٹرو بس انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ انکوائری کرکے جامع رپورٹ پیش کی جائے اور غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے واقعہ پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔ علاوہ ازیں نوائے وقت رپورٹ کے مطابق نیاز گھر کا واحد کفیل تھا، موت کی خبر سن کر والد کو دل کا دورہ پڑ گیا جبکہ پی ٹی آئی نے حنیف عباسی کیخلاف مقدمہ درج کرانے کا اعلان کیا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چودھری کا کہنا ہے کہ نیاز کی موت کی ذمہ داری حنیف عباسی پر ہی عائد ہوتی ہے۔ علاوہ ازیں جاں بحق نیاز احمد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ خیابان سرسید میں ادا کی گئی جس میں چیئرمین میٹرو پراجیکٹ حنیف عباسی نے بھی شرکت کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق نوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ تھانہ کینٹ میں ٹھیکیدار اور میٹرو انتظامیہ کیخلاف درج کرلیا گیا۔ چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض نے متوفی کے ورثاء کیلئے 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔