محرم الحرام اور پولیس

محرم الحرام کے پیش نظر ملک بھر میں امن کمیٹیوں کے اجلاس جاری ہیں۔ پولیس ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اس موقع پر پاک فوج بھی حساس علاقوں میں پولیس کے ساتھ ہوگی۔ مقصد ایک ہی ہے کہ امن و امان قائم رہ سکے۔ بلاشبہ اسلام امن و آشتی کا درس دیتا ہے۔ دہشت گردی اور شرپسندی کا اسلام سے دور کا واسطہ بھی نہیں۔ رحمت العالمین حضرت محمد مصطفی دنیا میں اخوت و بھائی چارے کا درس دینے کیلئے تشریف لائے۔ تاریخ پر نظر ڈالیںتو اسلام سے پہلے بھی محرم الحرام کو حرمت کا مہینہ سمجھا جاتا تھا۔ جنگجو قبائل اپنی تلواریں میانوں میں ڈال لیتے۔ حیرت ہے جب خدا ایک‘ کعبہ ایک‘ رسول کریم حضرت محمد مصطفی ایک تو پھر باہمی چپقلش کیسی‘ اختلافات تو ایک گھر میں رہتے ہوئے بھی ہو جاتے ہیں۔ اسلام کا درس یہی ہے کہ ایک دوسرے کے حقوق کا خیال رکھا جائے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے پولیس افسران و جوانوں سے کہا ہے کہ وہ محرم کے دوران مجالس اور جلوسوں کو مناسب سیکیورٹی دیں۔ وہ گذشتہ روز گوجرانوالہ تشریف لائے‘ سٹی پولیس آفیسر وقاص نذیر نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے بتلایا کہ محرم کے موقعہ پر دیگر محکموں کے اشتراک سے سیکیورٹی کے ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے جلوسوں کے موقع پر کیے گئے ٹریفک انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ چیف ٹریفک آفیسر آصف ظفر چیمہ نے ٹریفک سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر کے دفتری عملہ کو بھی فیلڈ میں لگا دیا ہے‘ حکومت نے سختی سے کہا کہ کسی بھی مسلک کیخلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنیوالوں کیخلاف موثر کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ سیدھی سی بات ہے کسی کا عقیدہ چھیڑو نہ اپنا چھوڑو۔ ڈی ایس پی سی آئی اے عمران عباس چدھڑ نے کچھ عرصہ قبل دہشت گردوں کیخلاف ایکشن لیتے ہوئے ان سے بھاری اسلحہ‘ خود کش جیکٹس برآمد کیں۔ دہشت گردوں کے قبضہ سے اہم مقامات‘ مساجد‘ امام بارگاہوں اور اہم شخصیات کے ناموں کی لسٹ بھی پکڑی گئی۔ جس سے پہلوانوں کا شہر بڑے خطرہ سے بچ گیا۔ بم ڈسپوزل اسکاڈ کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ پنجاب بھر میں جہاں بھی لاﺅڈ سپیکر کا بے جا استعمال کیا جائے گا۔ فوری قانونی ایکشن لیا جائیگا۔ شہریوں کا فرض ہے کہ وہ پولیس کیساتھ بھرپور تعاون کریں‘ اردگرد حالات پر کڑی نگاہ رکھیں ۔ مشکوک اشخاص‘ لاوارث اشیاءنظر آنے پر فوری پولیس کو اطلاع دیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آ سکے۔ مالکان ضروری پڑتال کے بعد ہی مکان کرایہ پر دیں۔ اس بابت فوری اطلاع متعلقہ پولیس کو پہنچائیں تاکہ پولیس کرائے دار بارے پوچھ گچھ کر سکے۔ دیکھنے میں آیا ہے کہ کرائے دار روٹین سے ہٹ کر کرایہ دیکر جگہ حاصل کرتے ہیں۔ چونکہ کرائے دار اس علاقہ میں اجنبی ہوتا ہے‘ لہذا وہ کچھ بھی کر سکتا ہے۔ ایسے میں ہمسائیوں کا ‘ گلی محلے والوں کا فرض ہے کہ اس پر کڑی نگاہ رکھیں۔ مبادا وہ کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہ ہو۔ کسی کا اچانک امیر ہو جانا بھی شکوک و شبہات پیدا کرتا ہے۔ شہریوں کا فرض ہے کہ وہ وجہ معلوم کریں یا پھر پولیس کو اطلاع کریں۔ پاک فوج نے دہشت گردوں کا کچومر نکال دیا ہے۔ دہشت گردوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پاک فوج ہنوز سینہ سپر ہے ۔ پولیس بھی اس کے شانہ بشانہ ہے۔ انسداد دہشت گردی کیلئے عرض یہ بھی ہے کہ کسی کی دستاویزات نے تصدیق کرتے وقت خاص طور پر شناختی کارڈ اور پاسپورٹ اچھی طرح جانچ پڑتال کر کے دستخط کرنے چاہئیں۔ علماءکرام کا مذہبی فریضہ ہے کہ وہ تقریروں اور درس کے دوران مذہبی رواداری کا پرچار کریں۔ بندوق کی نالی کے زور پرکوئی اپنا نظریہ ترک نہیں کرتا۔ تاریخ یہی بتاتی ہے۔ قرآن پاک میں ارشاد خداوندی ہے کہ اﷲ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور آپس میں فرقہ بندی ہرگز نہ کرو۔

ای پیپر دی نیشن