شفیق مسیح نے پنجاب اوپن گالف چیمپئن شپ 2015 جیت لی

لاہور (سپورٹس رپورٹر) 35ویں پنجاب اوپن گالف چیمپئن شپ 2015ءکا ٹائٹل لاہور جم خانہ کے شفیق مسیح نے جیت لیا۔ تین روز تک پروفیشنلز کے درمیان ہونے والے مقابلوں میں 117 پروفیشنلز گالفرز کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ شفیق مسیح نے 211 گراس پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پہلے روز ان کا سکور 74، دوسرے روز 67 جبکہ تیسرے اور آخری روز 70 گراس سکور رہا۔ اسلام آباد کے شبیر اقبال ایک سکور کے فرق سے دوسرے نمبر پر رہے۔ چیمپئن شپ کے پہلے روز شبیر اقبال کو برتری حاصل تھی۔ گیریژن کلب کے ایم مطلوب 213 گراس سکور کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ دیگر نمایاں پوزیشن پر رہنے والوں میں سجاد خان چوتھے، حمزہ امین پانچویں جبکہ ایم منیر چھٹے نمبر پر رہے۔ امیچور کیٹگری میں غضنفر محمود گراس میں پہلے، ندیم اسلم دوسرے اور فخر امام تیسرے نمبر پر رہے۔ نیٹ کلاس میں خواجہ احسان پہلے نمبر پر رہے۔ اس سے قبل لیڈیز میں غزالہ یاسمین نے گراس میں اور سمعیہ جاوید علی نے نیٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ انویٹیشنل ایونٹ میں لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ چیمپئن شپ کے اختتام پر کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے گالفرز میں 21 لاکھ روپے کے کیش انعامات تقسیم کئے۔

ای پیپر دی نیشن