عمران سیمی فائنل، فائنل میں الجھے ہیں، کرکٹ کھیلیں: مراد علی شاہ

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ وقائع نگار+ سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ نے عمران خان کو سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن کی سربراہی کی پیشکش کردی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گڑھی خدا بخش میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کرکٹ کھیلیں، وہ ابھی تک سیمی فائنل اور فائنل میں الجھے ہوئے ہیں۔ پیر کے روز کرکٹ ٹیم عمران خان کے بغیر جیت گئی، اچھا ہوا عمران نہیں تھے، اگر وہ ہوتے تو ٹیم میچ ہار جاتی۔ عمران کو نوکری چاہیے تو سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن قائم کرنا چاہتا ہوں۔ عمران اسکی سربراہی کریں، عمران خان سنجیدگی کا مظاہرہ کریں سیاست اور جمہوریت کو سمجھیں۔ 65 سال کے نوجوان کو باور کرائیں گے کہ سیاست کو سنجیدگی سے لیں، وزیراعظم صوبوں کو ساتھ لیکر نہیں چلیں گے تو گو نواز گو کے نعرے لگیں گے، سانحہ 18 اکتوبر کی دوبارہ تفتیش ہو گی، 18 اکتوبر کے واقعہ کے بعد شواہد مٹائے گئے، سانحہ 18 اکتوبر پرانا واقعہ ہے ملزموں تک پہنچنا مشکل ہے تاہم سانحہ 18 اکتوبر کی سازش کرنے والوں تک پہنچیں گے، چیئرمین بلاول نے حکومت کے سامنے 4 جمہوری مطالبات رکھے ہیں۔ ہم جمہوریت، پارلیمنٹ اور آئین پر یقین رکھتے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گزشتہ روز کراچی میں سانحہ کارساز کے شہدا کی یاد گار پر حاضری دی، اس موقع پرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہم شہیدوں کا خون رائیگا ں نہیں جانے دیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ سانحے کی اگلی صبح تک تمام شواہد کو مٹادیا گیا تھا،ہم نے تحقیقات کیلئے کمیٹی بنادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کبھی رشوت لی نہ دی، ان سے یہ سوال پوچھنا ہی ٹیکنکل طور پر غلط ہے۔ انہوںنے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہر حال میں پیپلزپارٹی کے شہیدوں کے مشن کو آگے بڑھایا جائے گا۔ گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گورنر کا معاملہ وفاق کا ہے کیونکہ وہ ان ہی کے نمائندے ہیں۔ ڈاکٹرعشرت العباد خان کو پیپلزپارٹی میں شمولیت کی دعوت دی نہ گورنر نے ایسی کسی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی عشرت العباد سے ملاقات معمول کی تھی۔پنجاب ہمارا بھی صوبہ ہے مگر ترقی دوسرے صوبوں کی قیمت پر نہیں ہونی چاہیے۔ مزید برآں سابق صدر آصف علی زرداری نے و زیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے فون پر بات کرتے ہوئے سلامِ شہدا ء ریلی کی کامیابی، بہترین انتظامات، امن و امان کی بحالی اور ریلی کے ختم ہونے کے بعد بھی انتظامیہ کو مسلسل گائیڈ کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوںنے کہا کہ آپ اچھی حکمرانی قائم کرنے کے لئے بہترین کام کر رہے ہیں۔ آصف زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ہدایت کی کہ پیپلزپارٹی کے جیالوں کا اسی طرح خیال رکھیں اور سندھ کے عوام کی سیاست کو بالائے طاق رکھ کر خدمت کریں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ میں آپ کی رہنمائی میں عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔

ای پیپر دی نیشن