کراچی: پاک فضائیہ کا میراج طیارہ مسرور ایئر بیس کے قریب گر کے تباہ‘ پائلٹ شہید

Oct 19, 2016

کراچی (سٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے ماڑی پور میں پاک فضائیہ کا میراج طیارہ پی اے ایف مسرور بیس کے قریب گر کر تباہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میںطیارے کا پائلٹ شہید ہوگیا۔ پی اے ایف نے حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے انکوائری بورڈ تشکیل دیدیا ہے۔ ماڑی پورکے علاقے پرویز مشرف کالونی سے تین کلومیٹردورپاک فضائیہ کا میراج طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ہے،حادثے کا شکار طیارے کو پاک فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر باقر علی اڑا رہے تھے۔جو حادثے میں شہید ہوگئے ہیں۔ پاک فضائیہ ترجمان کے مطابق طیارہ پی اے ایف مسرور بیس سے ٹیک آف کے دوران گر کر تباہ ہوا، جس کے نتیجے میں پائلٹ شہید ہوگیا ، پائلٹ طیارہ آبادی سے دور لے جانے کی کوشش میں شہید ہوا۔ ترجمان کے مطابق پائلٹ طیارے سے نکلنے میں کامیاب ہوگیا تھا مگر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہیدہوگیا۔ حادثے کے نتیجے میں زمین پر کوئی مالی وجانی نقصان نہیں ہوا۔حادثے کے بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ کا طیارہ معمول کے تربیتی مشن پر تھا، طیارہ ٹیک آف کے فوری بعد ہی گرگیا ۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئرہیڈکوارٹر نے حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے انکوائری بورڈ تشکیل دیدیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بظاہر حادثے کی وجہ فنی خرابی نظر آتی ہے تاہم طیارے سے متعلق مزید معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔ 

مزیدخبریں