وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ اس طرح کی اطلاعات ہیں کہ عمران خان غیر جمہوری سوچ رکھنے اور فتنہ فساد برپا کرنے کی طاقت رکھنے والی تنظیموں کے ذریعے اسلام آباد میں شر پھیلانا چاہتے ہیں ،حکومت نے اسلام آباد کو رواں دواں رکھنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے، ایکسپو سنٹر میں مسلم لیگ (ن) کے صوبائی عہدیداران کے انتخابات کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کے جو مطالبات ہیں ان کو حل کرنے کے پلیٹ فارم پاکستان میں موجود ہیں۔ وزیراعظم سے متعلق عمران خان کے مطالبات سے بھاگے نہیں۔ نوازشریف سپریم کورٹ اور قومی اداروں میں اپنی پوزیشن کلیئر کریں گے، عمران خان بھی دھرنوں کی بجائے سپریم کورٹ اور الیکشن کمشن تک رہیں۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان مایوسی کی انتہا کو پہنچ چکے ہیں۔ ایسی اطلاعات ہیں کہ انہوں نے پاکستان میں غیر جمہوری سوچ رکھنے اور فتنہ و فساد برپا کرنے کی طاقت رکھنے والی تنظیموں کے کارکنوں تک رسائی حاصل کی ہے ۔ حالانکہ ان کارکنوں کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں لیکن انہیں اپنی پارٹی کے پرچم تھما کر اسلام آباد لے جا کر شر پھیلانا چاہتے ہیں ۔ عمران خان نے قتل و غارت کی جوباتیں کی ہیں یہ اسی تناظر میں ہیں۔ وہ یلغار سے اورلشکر کشی سے پاکستان کی سیاست میں فساد برپا کرنا چاہتے ہیں حالانکہ جو ان کے مطالبے ہیں ان مطالبات کو حل کرنے کے پلیٹ فارم پاکستان میںموجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اسلام آباد کو رواں دواں رکھنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے ،اسلام آباد سیکرٹریٹ ،شاہراہیں بند کرنے والوں کےخلاف قانون راستہ بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت پر شب خون نہیں مارا جائے گا۔ موجودہ حکومت اپنے پانچ سال پورے کرے گی اور نواز شریف، شہبازشریف ترقیاتی کاموں کی بدولت اگلے انتخابات بھی جیتیں گے۔