بنوں (صباح نیوز) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملکی معیشت بہترانداز میں آگے بڑھ رہی ہے اور معیشت کی بہتری اور ملکی استحکام کے لئے تمام طبقات کو یکسو ہونے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے یہ بات بنوں میں یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی بنوں کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وطنِ عزیز صحیح معنوں میں اسی صورت ترقی کر سکتا ہے جب معاشی و معاشرتی شعبوں کے علاوہ سیاسی شعبہ بھی مستحکم ہو۔ استحکام کے لئے ضروری ہے کہ ہمارے نوجوان زیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کریں اور قومی معاملات پر ہمیشہ نظر رکھیں تاکہ قومی زندگی رواں دواں رہے اور اندرونی و بیرونی عوامل اس پر اثرانداز ہو کر ترقی کی رفتار کو متاثر نہ کر سکیں۔ اس مقصد کے حصول کے لئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے جس کی بنیاد زیادہ سے زیادہ تعلیم اور تعلیم یافتہ طبقے کی قومی معاملات میں بامعنی اور پرخلوص دلچسپی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی وجہ سے دنیا امید بھری نگاہوں سے اس خطے خاص طور پر پاکستان کی جانب دیکھ رہی ہے۔ اس راہداری کے ذریعے پاکستان اور چین ہی نہیں بلکہ دنیا کے بیشتر حصوں میں صنعت و حرفت اور تجارت و معیشت سمیت لوگوں کے معاشرتی رویوں میں بھی ایک ایسی تبدیلی رونما ہوجائے گی جس کے لیے ہمیں زمانہ قبل از راہداری اور بعد از راہداری کی اصطلاح استعمال کرنی پڑے گی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کامیاب طلباکو مبارک باد دی اور اعزازات تقسیم کئے۔ تقریب سے وفاقی وزیر اکرم خان درانی، گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر مشتاق غنی ، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمداور وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر سیدعابدعلی شاہ بھی موجود تھے۔