اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ نے پولیس فائونڈیشن کرپشن کیس کی سماعت کے دوران متاثرین کے وکیل کو کمیشن کی رپورٹ پر اعتراضات جمع کرانے کیلئے دو ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے آبزرویشن دی ہے کہ بدقسمتی سے کرپشن کی یہ شکل ہمارے معاشرے میں موجودہے جس میں لوگ اپنی عمر بھر کی کمائی پلاٹس کے لیے لگا دیتے ہیں ہم ہمدردی کے باوجود کچھ نہیں کر سکتے۔ بدھ کو پولیس فائونڈیشن کرپشن کیس کی سماعت جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس دوران متاثرین کے وکیل نے کہا انہیں ابھی تک کمیشن کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔ عدالت رپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے رپورٹ پڑھنے کے بعد اس پر اعتراضات دائر کرنے کیلئے مہلت دی جائے۔ اس دوران متاثرین پولیس فاونڈیشن نے کمرہ عدالت میں دہائی دیتے ہوئے موقف اپنایا انہوں نے ساری زندگی کی کمائی پولیس فائونڈیشن میں لگا دی۔ جس پر جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا بد قسمتی سے کرپشن کی یہ شکل ہمارے معاشرے میںموجود ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ لوگ اپنی عمر بھر کی کمائی پلاٹس کے لیے لگا دیتے ہیں۔ جسٹس گلزاراحمد کا کہنا تھا ہم ہمدردی کے باوجود کچھ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کیس میں ابھی تک کمشن کی رپورٹ پر کسی نے اعتراضات جمع نہیں کرائے۔ انہوں نے متاثرین کے وکیل سے کہاکہ اگردوہفتوں میں اعتراضات نہ آئے توکیس کا فیصلہ کردینگے۔عدالت نے کیس کی سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کردی ۔