اسلام آباد(اے این این ) تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے فوری استعفے کا مطالبہ کردیا۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے جمع ہر کاغذ کے ساتھ بینک ٹرانزیکشن موجود ہے اس لیے کیس میں نہ پہلے کچھ ملا ہے نہ آگے کچھ ملے گا اور صرف خواہشوں پر کوئی نااہل نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیرخزانہ 8 سے 2 بجے تک عدالت میں پیش ہوتے ہیں۔ وزیرخزانہ اس کے بعد وکلا سے اگلی پیشی پر مشاورت کرتے ہیں، وہ 45 منٹ وزارت خزانہ کے امور پر بھی توجہ دیتے ہیں۔فواد چوہدری نے اسحاق ڈار سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خزانہ اپنا کیس بھگتیں اور وزارت سے فوری استعفی دیں۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ خواجہ حارث کل شام تک یہاں تھے آج پتہ چلا ملک سے باہر چلے گئے، کیس ملتوی ہونے تک نہیں بتایا گیا خواجہ حارث ملک سے باہر ہیں، یہ سب ٹائم ضائع کرنے کی کوششیں ہورہی ہیں اور ان سب چیزوں پر ہماری نظر ہے۔فواد چوہدری نے شریف خاندان کے کیسز پر بات کرتے ہوئے کہا پہلے پاپا پیش ہوئے تو پپو نہیں تھا، اگلی تاریخ پر پپو آیا تو پاپا چلے گئے اور آج پاپا کے آنے کے کوئی آثار نہیں، یہ سب عدالتوں سے مذاق چل رہا ہے ۔ پاپا آئیں گے تو پپو نہیں آئے گا اور پپو ہوگا تو پاپا نہیں آئیں گے۔
اسحاق ڈار استعفیٰ دیں‘ آج پاپا کے آنے کے آثار نہیں: فواد چودھری
Oct 19, 2017